Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پائلٹ کو دورانِ پرواز نظر آنے والی ’پُراسرار چیز‘ کیا تھی؟

’پی آئی اے کے پائلٹس نے اس عجیب شے کی ویڈیو بھی بنائی تاہم حتمی طور پر کچھ نہیں کہا جا سکتا کہ وہ کیا تھا‘ (فوٹو: سوشل میڈیا)
پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) کی کراچی سے لاہور جانے والی پرواز پی کے 304 کے پائلٹس نے 23 جنوری کو دوران پرواز کاک پٹ سے ہوا میں اُڑتی ہوئی کوئی چیز دیکھی۔ تاہم ابھی تک یہ واضح نہیں ہو سکا کہ وہ کیا چیز تھی اور اس کے متعلق مزید معلومات حاصل کی جا رہی ہیں۔
قومی ایئرلائن کے ترجمان عبداللہ حفیظ نے اردو نیوز کو بتایا کہ ’اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہوگا کہ طیارے کے پائلٹس نے کیا دیکھا اور وہ اڑتی ہوئی چیز کیا تھی جس کے بارے میں بات ہو رہی تھی۔‘
البتہ ان کا کہنا تھا کہ ’ہاں ایسا واقعہ ضرور ہوا ہے اور سنیچر 23 جنوری کو کراچی سے لاہور جانے والی پرواز پی کے 304 کے پائلٹس نے ملتان ساہیوال ریجن کے اوپر پرواز کے دوران کاک پٹ سے کوئی ایسی چیز فضا میں اڑتی ہوئی دیکھی جس کی پہچان وہ نہیں کرسکے نہ ہی فلائٹ کنٹرول کے پاس ایسی کوئی معلومات تھیں۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ ’پائلٹس نے واقعے کی ویڈیو بنا کر اسے ضوابط کے مطابق رپورٹ کیا جس کے بعد معاملے کی چھان بین کی جا رہی ہے، تاہم اس چیز کے بارے میں فی الوقت کچھ بھی نہیں کہا جا سکتا، اس حوالے سے تمام باتیں مفروضوں پر مبنی ہیں۔‘
واضح رہے کہ سوشل میڈیا پر کچھ دنوں سے اس حوالے سے خبریں گردش کر رہی تھیں کہ پی آئی اے کے پائلٹس نے دوران پرواز ’اڑن طشتری‘ یعنی یو ایف او (unidentified flying object) دیکھا ہے جس کے بعد سے کئی افواہیں بھی سامنے آئیں۔
اطلاعات کے مطابق جب یہ واقعہ پیش آیا اس وقت مبینہ اڑن طشتری پی آئی اے کی پرواز پی کے 304 سے کہیں زیادہ بلندی پر تھی۔

شیئر: