Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’آئندہ دو سے تین ہفتوں میں کورونا کیسز میں کمی ہو گی‘

ہر شخص اپنی جگہ رہتے ہوئے ضوابط پر سختی سے عمل کرے۔ (فوٹو ایس پی اے)
سعودی ماہرمتعدی امراض ڈاکٹر سمیح غزال نے توقع ظاہر کی ہے کہ آئندہ دو سے تین ہفتوں کے اندر کورونا کیسز میں کمی ہو گی تاہم اس کےلیے لازمی ہے کہ ہر شخص اپنی جگہ رہتے ہوئے ضوابط پر سختی سے عمل کرے۔ 
الاخباریہ ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر سمیح غزال کا کہنا تھا کہ ’کورونا کے حوالے سے ہمارا گزشتہ تجربہ انتہائی کامیاب رہا ۔ مجھے یقین ہے کہ مملکت میں قائم مثالی نظام صحت جلد اس وبائی مرض کو پھیلنے سے روکنے میں کامیاب ہو جائے گی جس طرح سابقہ وبا کے دوران ہوا تھا‘۔ 
انہوں نے مزید کہا کہ توقع کے مطابق موجودہ کورونا کی وبا کے تحت کیسز میں آئندہ دو ہفتے تک اضافہ ہو گا اس کے بعد کیسز میں اضافہ ہونا رک جائے گا اور تیسرے ہفتے کے بعد سے کیسز میں کمی ہونا شروع ہوگی۔ 
الاخباریہ چینل کے اس سوال پر کہ کیا ہم کرفیو یا لاک ڈاون کی جانب جاسکتے ہیں؟
ڈاکٹر غزال کا کہنا تھا کہ احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کرنا ہو گا جبکہ ہمارا صحت کا نظام انتہائی مستحکم ہے اور ہر قسم کے حالات اوروائرس کے پھیلاو پر قابو پانے کی بھرپورصلاحیت کا حامل ہے۔ 
انہوں نے مزید کہا ’اگر ہم آج سخت اقدامات نہیں کرتے توہم اس وبا کو پھیلنے سے نہیں روک سکیں گے تاہم جو کچھ میں دیکھ رہا ہوں اس کے مطابق ہر کوئی اپنی حد تک قواعد پر عمل کرنے کےلیے مستعد ہے اور ہم دوبارہ کرفیو یا جزوی کرفیو کی جانب نہیں جائیں گے‘۔ 
واضح رہے العربیہ ٹی وی نے ریاض کے قدیم علاقے ’منفوحہ‘ میں ہونے والے ازدحام کی فوٹیج دکھائی تھی جہاں خوانچہ فروشوں کے گرد لوگوں کا ہجوم تھا جس کی وجہ سے سماجی فاصلے کے اصول پرعمل ممکن نہیں رہا تھا جبکہ لوگ ماسک کی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے میں بھی لاپرواہی برت رہے تھے۔ 
 

شیئر: