Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا سے صحت یابی پر کتنا عرصہ وائرس سے محفوظ رہ سکتے ہیں؟

کورونا وائرس سے صحت پانے والوں کو 5 ماہ تک تحفظ ملتا ہے- (فوٹو سیدتی میگزین)
اکثر یہ سوال سننے میں آتے ہے کہ نئے کورونا وائرس سے صحت یابی  پر کتنے عرصے تک اس موذی مرض سے تحفظ حاصل ہو جاتا ہے۔
برطانوی سکالر نے اس سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ کم از کم چھ ماہ تک یہ لوگ کورونا وائرس سے محفوظ ہوجاتے ہیں۔  
سیدتی میگزین کے مطابق یوکے بائیو بینک نے میڈیکل جائزہ اپنی نگرانی میں کرایا ہے۔ سکالرز اس نتیجے پر پہنچے کہ وائرس سے نجات پانے والے افراد کے جسم میں اینٹی باڈیزاعلیٰ سطح تک باقی رہتی ہیں اور یہ کم از کم چھ ماہ تک محفوظ رہتی ہیں۔ یہی اینٹی باڈیز اسے دوبارہ وائرس کی زد میں آنے سے تحفظ فراہم کرتی ہیں۔
پروفیسر نومی ایلن، جو برطانوی ریسرچ جائزے میں شریک ہوئیں، نے بتایا کہ جائزے میں ایسے لوگوں کو شامل کیا گیا جو نئے کورونا وائرس سے متاثر ہونے کے بعد صحت مند ہو گئے تھے۔ ان کے طبی معائنے سے پتہ چلا کہ یہ تین ماہ تک 99 فیصد اینٹی باڈیزاپنے اندر محفوظ کیے رہے، پھر تین ماہ بعد دوبارہ معائنہ کیا گیاتو پتہ چلا کہ ان میں سے 88 فیصد کے جسم میں اینٹی باڈیز محفوظ ہیں۔ 
پروفیسر نومی ایلن نے بتایا کہ یہ نتائج برطانیہ اور آئس لینڈ میں کیے جانے والے دیگر طبی جائزوں سے بھی مطابقت  رکھتے ہیں۔ سارے جائزوں کا نتیجہ یہ نکلا ہے کہ کورونا سے صحت یاب افراد کے یہاں کئی مہینے تک اینٹی باڈیز محفوظ رہتے ہیں۔ 
برطانیہ میں صحت کے شعبے سے وابستہ عملے کے حوالے سے بھی ایک طبی جائزہ تیار کیا گیا۔ گذشتہ ماہ اس کے نتائج شائع کیے گئے جس سے یہ بات  سامنے آئی کہ نئے کورونا وائرس سے صحت پانے والوں کو کم از کم پانچ ماہ تک وائرس سے تحفظ مل جاتا ہے، تاہم اس جائزے میں ایک نئی بات یہ سامنے آئی کہ  کووڈ 19 سے شفا پانے والے دوبارہ وائرس کی زد میں آ سکتے ہیں اور ان سے وائرس دوسروں کو بھی لگ سکتا ہے۔
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: