Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کنگنا تعصب کو ’نارملائز‘ کر رہی ہیں: سوارا بھاسکر

سوارا بھاسکر کے بقول انہیں کنگنا سے کوئی ذاتی مسئلہ نہیں لیکن وہ ایسے لوگوں کے خلاف ہیں جو پوزیشن کا منفی استعمال کرتے ہیں۔ (فوٹو: ڈٰی این اے انڈیا)
بالی وڈ اداکارہ سوارا بھاسکر نے کنگنا رناوت پر نفرت اور تعصب کو ’نارملائز‘ کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔
سوارا بھاسکر کنگنا کے ساتھ 2011 میں ’تنو وڈز منو‘ میں کام کر چکی ہیں، کنگنا ان کو ایک اہم موقع پر بی گریڈ اداکارہ قرار دے چکی ہیں جب کہ سوشل میڈیا پر بھی کنگنا سوارا کو نشانہ بناتی رہی ہیں۔
ہندوستان ٹائمز نے سوارا بھاسکر کے ایک انٹرویو کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا ہے، کہ انہوں نے کہا ’انہیں ذاتی طور پر کنگنا سے کوئی مسئلہ نہیں، لیکن وہ ایسے لوگوں کے خلاف ہیں جو اپنی پوزیشن کا استعمال نفرت پھیلانے کے لیے کرتے ہیں۔‘
ایک سوال کے جواب میں سوارا بھاسکر نے بتایا ’میں نے ایک ساتھی اداکارہ کے طور پر ان کے ساتھ کام کیا اور وہ بہت قابل ایکٹرس ہیں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ وہ اس موضوع پر زیادہ بات نہیں کریں گی کیونکہ یہ غیرضروری ہیڈلائنز کی طرف چلا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ کسی مخصوص ایکٹریس کے بارے میں بات نہیں کرنا چاہتیں لیکن جب آپ بارسوخ لوگوں، جیسے تمام اداکار سوشل میڈیا پرہیں، کو نفرت، تعصب اور فرقہ واریت کو نارملائز کرتے ہوئے دیکھتے ہیں تو بہت افسوس ہوتا ہے۔
’یہ اعلیٰ ظرفی سے تیزی کے ساتھ نیچے گرنا ہے‘ کنگنا کے بارے میں براہ راست بتاتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ ’ان کی نتھورام گوڈسے کے حوالے سے ہونے والی ٹویٹس، یا پھر ان کی حمایت کی کوشش کو دیکھ لیں، اس سے بڑھ کر آپ کیا کریں گے؟ یہ درست نہیں ہے کہ اگر آپ اثرورسوخ رکھتے ہوں اور اس کو نفرت پھیلانے کے لیے استعمال کریں۔‘

سوارا بھاسکر 2011 میں کنگنا رناوت کے ساتھ تنو ویڈز منو نامی فلم میں کام کر چکی ہیں (فوٹو: ٹوئٹر)

ان کا کہنا تھا کہ وہ کبھی کنگنا کو کال کر کے اختلافات پر بات نہیں کریں گی، اس لیے کہ وہ بالی وڈ کی کلاس مانیٹر نہیں ہیں۔
سوارا بھاسکر کا یہ بھی کہنا تھا کہ ان کی کنگنا میں کوئی ذاتی دلچسپی نہیں ہے تاہم نظریاتی اختلافات رکھتی ہیں۔ بقول ان کے ’وہ جس طرح  سے تعصب کو معمول بنانے کی طرف لا رہی ہیں میرے خیال میں یہ زہر ہے۔‘
پچھلے سال پنک ویلا کو انٹرویو دیتے ہوئے سوارا بھاسکر نے بی گریڈ قرار دیے جانے کے بی کو بیسٹ قرار دیا تھا۔
انہوں نے کہا میرے بارے میں بات کرتے ہوئے لوگ میرا تو کچھ نہیں بگاڑتے خود کو بے نقاب کر دیتے ہیں۔

شیئر: