Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا میں کورونا ویکسینیشن کے بعد شہریت کے نئے قانون پرعمل ہوگا، امیت شاہ

شہریت کے نئے قانون (سی اے اے) کے خلاف انڈیا میں سخت احتجاج ہوا تھا (فوٹو: اے ایف پی)
انڈیا کے وزیر داخلہ امیت شاہ نے کہا ہے کہ شہریت کے نئے قانون (سی اے اے) کے تحت پناہ گزینوں کو انڈیا کی شہریت دینے کا سلسلہ کورونا ویکسینیشن پوری ہونے کے بعد شروع کیا جائے گا۔
جمعرات کے روز ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہریت دینے کے عمل میں مغربی بنگال کی کمیونٹی موتوا بھی شامل ہو گی۔
ہندوستان ٹائمز کی ایک رپورٹ کے مطابق امیت شاہ نے حزب اختلاف پر شہریت ترمیم کے حوالے سے اقلیتوں کو گمراہ کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ اس کے نفاذ سے انڈیا کی اقلیتوں پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔
امیت شاہ کا مزید کہنا تھا کہ مودی حکومت نے 2018 میں وعدہ کیا تھا کہ شہریت کے حوالے سے نیا قانون لایا جائے گا اور بی جے پی اس پر 2019 میں اقتدار ملنے تک قائم رہی۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ 2020 میں کورونا وبا سامنے آنے کے بعد سی اے اے کے نفاذ کو ملتوی کیا گیا۔
 انہوں نے مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ مماتا بینرجی کی جانب سے وعدوں سے پھر جانے کے دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی نے جو وعدے کیے ان کو ہمیشہ پورا کیا۔
بقول ان کے ’ہم یہ قانون لے کر آئے ہیں اور مہاجرین کو شہریت ملے گی۔‘ انہوں نے مزید کہا کہ جیسے ہی ویکسین کا سلسلہ پورا ہو گا شہریت کے قانون پر کام شروع کر دیا جائے گا۔
بنیادی طور پر ماتوا کمیونٹی کا تعلق سابقہ مشرقی پاکستان سے ہے، ہندوؤں کی اس کمزور کمیونٹی کے لوگ برصغیر کی تقسیم اور اس ک بعد بنگلہ دیش بننے پر انڈیا منتقل ہوئے تھے۔
اس کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے لوگوں کو شہریت ملی لیکن اب بھی ایک بڑی تعداد اس سے محروم ہے۔
امیت شاہ کے مطابق مماتا بینرجی سی اے اے پر عملدرامد کی مخالفت کرنے کی پوزیشن میں نہیں ہوں گی کیونکہ اس سال اپریل، مئی میں ہونے والے انتخابات کے بعد وہ وزیراعلیٰ نہیں رہیں گی۔
خیال رہے شہریت کے حوالے سے سی اے اے بل سامنے آنے کے بعد اس کے خلاف شدید احتجاج ہوا تھا۔

شیئر: