Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان:عمر رسیدہ افراد کے لیے ویکسین کی رجسٹریشن کا آغاز

شہری اپنے موبائل فون سے ویکسین لگانے کے لیے رجسٹریشن کر سکیں گے (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان نے 65 سال سے زائد عمر کے شہریوں کو کورونا ویکسین لگانے کے لیے رجسٹریشن کا آغاز کر دیا ہے۔
وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اور این سی او سی کے سربراہ اسد عمر نے سوموار کی صبح اپنی ٹویٹ میں رجسٹریشن شروع کرنے کا اعلان کیا۔
انھوں نے کہا کہ 'خوشی کے ساتھ یہ اعلان کر رہے ہیں کہ پورے ملک میں 65 سال سے زائد عمر کے شہریوں کے لیے رجسٹریشن کا آغاز کر دیا ہے۔‘
اپنے ٹویٹ میں انھوں نے کورونا ویکسین کے لیے رجسٹریشن کا طریقہ کار بھی بتایا ہے۔ جس کے لیے شہری اپنے موبائل فون سے اپنا شناختی کارڈ نمبر 1166 پر بھیجیں گے تو ان کی رجسٹریشن ہو جائے گی۔
اسد عمر کے مطابق اس ایج گروپ کے لوگوں کو ویکسینیشن کا عمل مارچ میں شروع ہوگا۔
پاکستان نے پہلے مرحلے میں طبی عملے کو ویکسین لگانے کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے جس کے لیے ویکسین چین سے منگوائی گئی تھی۔  
چین کی جانب سے سائنو فارم ویکسین فراہم کرنے کے بعد پاکستان میں تین فروری سے کورونا ویکسین لگوانے کی مہم کا آغاز کیا گیا ہے جس میں ابتدائی طور پر ہیلتھ کیئر ورکرز کو ویکسین مفت لگوائی جا رہی ہے۔ 
ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی (ڈریپ) نے چین کی سائنو فارم کے علاوہ ایسٹرازینیکا اور روس کی سپوتنک ویکسین کی ہنگامی بنیادوں پر استعمال کرنے کی اجازت دی ہے۔ 

شیئر: