Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسلام آباد یونائیٹڈ کی امیدوں کا محور ’روٹی گینگ‘

اسلام آباد یونائیٹڈ پاکستان سپر لیگ کی دو بار چیمپیئن بن کر اب تک کی کامیاب ترین ٹیم رہی ہے۔ لیکن گزشتہ سیزن میں اسلام آباد یونائیٹڈ پہلے راؤنڈ میں ہی باہر ہوگئی تھی۔
وفاقی دارالحکومت کی نمائندگی کرنے والی اسلام آباد یونائیٹڈ کی قیادت نوجوان شاداب خان کو سونپی گئی ہے اور مصباح الحق کی بطور کوچ علیحدگی کے بعد دو بار کی چیمپیئن رہنے والی یہ ٹیم اب تشکیل نو کے مراحل سے گزر رہی ہے۔
تاہم یونائیٹڈ کو ایونٹ کے آغاز سے پہلے ہی بڑا نقصان جارح مزاج کیوی بلے باز کولن منرو کی عدم دستیابی سے پہنچا ہے کیوں کہ وہ نیوزی لینڈ کی حکومت کی جانب سے طے کردہ قرنطینہ نظام کے باعث پاکستان نہیں آ سکیں گے۔
کولن منرو نے نیوزی لینڈ حکومت کو قرنطینہ کے حوالے سے درخواست  دینے میں تاخیر کر دی تھی جس کی  وجہ سے انہیں سفر کی اجازت نہیں ملی۔ ان کی عدم موجودگی میں اب پی ایس ایل 6 میں نیوزی لینڈ کا کوئی بھی کھلاڑی حصہ نہیں لے پائے گا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی کمزور بیٹنگ لائن

کولن منرو کے ٹیم سے باہر ہونے کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ کی بیٹنگ لائن کافی کمزور ہو چکی ہے اور اب بیٹنگ کے شعبے میں زیادہ ذمہ داری انگلینڈ کے الیکس ہیلز کے کندھوں پر آ گئی ہے۔
انگلینڈ کے جارحانہ بلے باز  فل سالٹ الیکس ہیلز کا ساتھ دیں گے اور مڈل آرڈر میں آصف علی موجود ہوں گے۔ لیکن آصف علی کی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ تاحال پی ایس ایل میں نظر نہیں آیا۔

’روٹی گینگ‘ دوبارہ اکٹھا

پاکستان کی قومی ٹیم کے 2018 میں دورہ نیوزی لینڈ کے دوران شاداب خان، حسن علی، فہیم اشرف، فخر زمان اور محمد نواز نے روٹی گینگ کے نام سے واٹس ایپ گروپ بنایا تھا تاکہ وہ باہر اکٹھے جا کر کھانا کھائیں۔
حال ہی میں پاکستان ٹیم میں ایک سال بعد واپس آنے والے حسن علی رواں سیزن میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی نمائندگی کرنے جارہے ہیں، اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان، فہیم اشرف کے بعد حسن علی کی موجودگی سے روٹی گینگ دوبارہ اکٹھا ہو چکا ہے۔

یونائیٹڈ کو ایونٹ کے آغاز سے پہلے ہی بڑا نقصان جارح مزاج کیوی بلے باز کولن منرو کی عدم دستیابی سے پہنچا ہے۔ فوٹو: پی سی بی

حسن علی نے ڈومیسٹک میں بہترین کارکردگی کی بدولت پاکستان ٹیم میں کم بیک کیا اور اب وہ دوبارہ سے فارم میں واپس آ چکے ہیں جس سے اسلام آباد یونائیٹڈ کی بالنگ مضبوط ہو چکی ہے۔ بولنگ میں حسن علی کا ساتھ دیں گے انگلینڈ کے کرس جارڈن جن کے پاس گیندیں کرانے کی کافی ’ورائیٹز‘ ہیں اس لیے وہ ٹی 20 کے لیے ایک بہترین آپشن ہیں۔

فہیم اشرف اور شاداب خان کی آل راؤنڈ پرفارمنس

فہیم اشرف اور شاداب خان دونوں ایسے کھلاڑی ہیں جنہوں نے محنت کر کے اپنی صلاحیتوں کو نکھارا ہے۔ فہیم اشرف کی حالیہ کارکردگی کے بعد ان کا مورال کافی بلند ہوگا اور لوئر آرڈر میں فہیم اشرف جیسا بلے باز انتہائی کار آمد ثابت ہو سکتا ہے۔
ان کے علاوہ کپتان شاداب خان نے بھی اپنی بلے بازی کی صلاحیتوں کو کافی نکھارا ہے اور گزشتہ سیزن میں شاداب خان بطور آل راونڈر سامنے آئے تھے۔ رواں سال بھی ان سے ایسی ہی پرفارمنس کی توقع کی جائے گی۔

شیئر: