Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی ایس ایل 6: کراچی کنگز کرے گا اب اپنے اعزاز کا دفاع

کراچی کنگز کی ٹیم پاکستان سپر لیگ سیزن 6 میں اپنے اعزاز کا دفاع کر رہی ہے۔ 
گذشتہ سال منعقد ہونے والے پی ایس ایل 5 میں پاکستان کے دونوں بڑے شہروں کراچی اور لاہور کی ٹیمیں جو ابھی تک پی ایس ایل کا ٹائٹل نہیں جیت سکی تھیں فائنل میں آمنے سامنے آئی تھیں، جس میں ایک دلچسپ مقابلے کے بعد کراچی کنگز فاتح رہی تھی۔
عماد وسیم کی قیادت میں کراچی کنگز اس امید کے ساتھ میدان میں اتریں گے کہ پی ایس ایل کا ٹائٹل دوسری بار بھی اپنے نام کر لیں۔
بیٹنگ کے شہنشاہ بابراعظم
پاکستان کرکٹ میں بیٹنگ کے شہنشاہ اور دنیائے کرکٹ کے بہترین بلے بازوں میں سے ایک بابر اعظم کے ساتھ کراچی کنگز کی بیٹنگ لائن دیگر ٹیموں کی بیٹنگ لائنز پر واضح سبقت لے جاتی ہے۔
گزشتہ سیزن میں بابر اعظم  پی ایس ایل کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے تھے۔
انہوں نے 473 رنز سکور کیے تھے جس میں تین بار مین آف دی میچ کا ایوارڈ بھی حاصل کیا تھا۔

گزشتہ سیزن میں بابر اعظم نے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ حاصل کیا تھا۔ فوٹو: اے ایف پی

اس مرتبہ یقینی طور پر بابر اعظم اور ان کی ٹیم کا اعتماد بلندیوں پر ہو گا کیونکہ نہ صرف  کراچی کنگز دفاعی چیمپیئن ہے بلکہ بابر اعظم کی قیادت میں پاکستان کی قومی ٹیم نے حال ہی میں جنوبی افریقہ کے خلاف بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ 
پی ایس ایل کے سنچورین کولن انگرام
دائیں ہاتھ سے بلے بازی کرنے والے جنوبی افریقہ کے کولن انگرام کی موجودگی کراچی کنگز کی بیٹنگ لائن کو مزید مضبوط بنائے گی۔
کولن انگرام پاکستان سپر لیگ میں سنچری سکور کرنے والے آٹھ بلے بازوں میں سے ایک ہیں۔
انہوں نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف پی ایس ایل کے چوتھے سیزن میں 59 گیندوں پر 127 رنز کی میچ وننگ اننگز کھیلی تھی۔
بابر اعظم اور کولن انگرام کے علاوہ کراچی کنگز کو بیٹنگ میں اس سے بہتر کمبینیشن نہیں مل سکتا۔

کولن انگرام پی ایس ایل میں سنچری کرنے والے آٹھ بلے بازوں میں سے ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی

شرجیل خان
پاکستان سپر لیگ کی پہلی سنچری سکور کرنے والے کھلاڑی شرجیل خان بھی کراچی کنگز کے سکواڈ میں شامل ہیں۔
شرجیل خان کا شمار پاکستان میں موجود چند جارحانہ انداز میں کھیلنے والے اوپنرز میں کیا جاتا ہے لیکن آج کل ان کی فٹنس کے حوالے سے بھی سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔ شرجیل خان کی صلاحیتوں کے تو سب ہی معترف ہیں لیکن میچ فکسنگ کی پابندی سے واپسی کے بعد ان کی جانب سے دھواں دار اننگز آنا ابھی باقی ہے۔
آسٹریلیا کے ڈین کرسچئن
آسٹریلیا کے ڈین کریسچئن محدود اوورز کی کرکٹ کے ماہر سمجھے جاتے ہیں۔ ان کی آل راؤنڈ پرفارمنس کے باعث وہ اس بار کراچی کنگز کا حصہ بنے ہیں اور کپتان عماد وسیم کے ساتھ آل راؤنڈ کارکردگی کے لیے بہترین شراکت کا امکان ہے۔

شرجیل خان کی فٹنس کے حوالے سے بھی سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی

افغانستان کے محمد نبی
افغانستان کے آل راؤنڈر محمد نبی ایک میچ وننگ کھلاڑی ہیں جو کہ کسی بھی ٹیم کی لوئر مڈل آرڈر کو مضبوط بناتے ہیں۔ کراچی اور لاہور کے میدان میں کھیلنے کا تجربہ رکھنے کے باعث رواں سیزن میں محمد نبی بھی ایک بہترین آل راؤنڈر کے طور پر ابھر کر آسکتے ہیں۔
محمد عامر کے لیے کارکردگی دکھانے کا بہترین موقع
ویسے تو محمد عامر  میڈیا پر آج کل اپنے بیانات سے چھائے ہوئے ہیں لیکن پی ایس ایل 6 میں ان کے پاس موقع ہوگا کہ وہ اپنے اوپر تنقید کا جواب اپنی کارکردگی سے دیں۔

محمد عامر پاکستان کے بہترین فاسٹ بولر ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی

محمد عامر دنیائے کرکٹ میں ایک مقام رکھنے والے کھلاڑی ہیں اور کوئی بھی ٹیم محدود اوورز کی کرکٹ میں انہیں اپنے سکواڈ میں شامل کرنے کے لیے بے تاب ہوگ، لیکن اس بار محمد عامر کے اوپر کارکردگی دکھانے کا بھی دباؤ رہے گا۔ لیکن بڑا کھلاڑی ہمیشہ دباؤ میں بہتر کھیل کا مظاہرہ دکھانے کی صلاحیت رکھتا ہے اس لیے محمد عامر کی موجودگی سے مخالف ٹیم پر دباؤ تو ضرور ہوگا۔

شیئر: