Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’مشرق وسطیٰ کے 13 ممالک میں کورونا وائرس کی نئی قسم کے کیسز‘

لبنان خطے میں کورونا وائرس سے بری طرح متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے جہاں گذشتہ روز ویکسینشن مہم کا آغاز ہو گیا ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
عالمی ادارہ صحت نے خبردار کیا ہے کہ مشرق وسطیٰ کے 13 ممالک میں کورونا وائرس کی نئی قسم کے کیسز سامنے آئے ہیں۔
امریکی خبر ایجنسی ایسوسی ایٹ پریس کے مطابق عالمی ادارہ صحت کے مشرق بحیرہ روم خطے کے ڈائریکٹر احمد المنظري نے قاہرہ میں پیر کو پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ’وائرس کی تین نئی اقسام میں سے ایک خطے کے 13 ممالک میں موجود ہے۔‘ تاہم انہوں نے ان ممالک کے نام نہیں بتائے۔
عالمی ادارہ صحت کے مطابق وائرس کی تینوں نئی اقسام زیادہ تیزی سے پھیلتی ہیں۔
احمد المنظري کا کہنا ہے کہ ’خطے میں کورونا وائرس کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد تقریبا 60 لاکھ کے قریب ہے، جبکہ ہلاکتوں کی تعداد ایک لاکھ 40 ہزار ہیں۔‘

 

عالمی ادارہ صحت نے لوگوں سے وائرس کے خلاف احتیاطی تدابیر جاری رکھنے کی اپیل کی ہے۔
جبکہ عالمی ادارہ صحت کے مطابق مشرقی بحیرہ روم کے 12 ممالک میں 63 لاکھ افراد کو ویکسین لگائی گئی ہیں۔
احمد المنظري کا ویکسین کے حوالے سے کہنا ہے کہ ’ویکسینشن وائرس کا مقابلہ کرنے کے لیے ایک اہم چیز ہے لیکن خالی ویکسین بھی کافی نہیں ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ سماجی فاصلے، ماسک پہننا اور خود کو صاف رکھنا وائرس کے پھیلاو سے لڑنے کے لیے بنیادی چیزیں ہیں۔
عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر نے اس بات پر بھی زور دیا ہے کہ ’زیادہ سے زیادہ لوگوں کو وائرس کی نئی اقسام سے متاثر ہونے سے پہلے ویکسین لگانی چاہیے۔‘
احمد المنظري نے بتایا کہ عالمی کویکس پروگرام کے تحت آئندہ ہفتوں میں 37 ہزار کوورنا ویکسین فلسطین اور 94 ہزار تیونس پہنچے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ کچھ خلیجی ممالک اور لبنان کے علاوہ مشرق وسطیٰ میں کورونا وائرس کے نئے کیسز میں کمی آئی ہے۔
لبنان خطے میں کورونا وائرس سے بری طرح متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے جہاں گذشتہ روز ویکسینشن مہم کا آغاز ہو گیا ہے۔
جبکہ ایران میں کورونا وائرس کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 15 لاکھ کے پاس ہے۔

شیئر: