Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’سعودی عرب میں منظورشدہ تمام کورونا ویکسینز محفوظ اور موثر‘

ویکسین سب کی صحت و سلامتی کے لیے ضروری ہے (فوٹو: ایس پی اے)
 سعودی وزارت صحت نے کہا ہے کہ سعودی عرب میں منظورشدہ تمام کورونا ویکسین محفوظ اور موثر ہیں۔
وزارت صحت کے  ترجمان ڈاکٹر محمد العبد العالی کے مطابق تمام  لوگ صحتی ایپ کے ذریعے ویکسین حاصل کرنے کی کارروائی مکمل کریں۔ ویکسین سب کی صحت و سلامتی کے لیے ضروری ہے۔
اخبار 24 کے مطابق محمد العبد العالی نے منگل کو کورونا وائرس کی تازہ صورت حال بیان کرنے کے لیے منعقدہ پریس کانفرنس میں متعدد سوالات کے جواب د یے۔ 
وزارت صحت کے ترجمان نے کہا کہ ویکسین کے حوالے سے گمراہ کن اطلاعات پر کان نہ دھریں۔ ایسے تمام دعوے غلط ہیں جن میں ویکسین کے مضر صحت ہونے کی بات کی گئی ہے۔
انہوں نے اطمینان دلایا کہ سعودی عرب نے جن ویکسینز کا انتخاب کیا ہے وہ محفوظ اور موثر ہیں اور سب کے لیے یکساں دستیاب ہیں۔
العبد العالی  نے مزید کہا کہ اگلے مرحلے میں ویکسین مہم کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا اور مملکت کے تمام علاقوں کے تمام زمروں کو کورونا ویکسین دی جائے گی۔ 
وزارت صحت کے ترجمان نے کہا کہ بزرگ، لاعلاج امراض میں مبتلا اور موٹاپے کا شکار لوگ ویکسین کے  لیے جلد از جلد اندراج  کرا لیں اور تاخیر نہ کریں۔

اگلے مرحلے میں ویکسین مہم کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا (فوٹو: العربیہ)

 ترجمان نے کہا کہ ملک کے بعض علاقوں میں اب بھی نئے  کورونا وائرس کے کیسز بڑھے ہوئے ہیں۔ کیسز میں اضافے کی وجہ  وائرس کا تغیر پذیر ہونا نہیں بلکہ کورونا ایس او پیز پر عمل میں لاپرواہی ہے۔ 
انہوں نے کہا کہ کورونا کے کیسز میں اضافہ بے شک ہو رہا ہے لیکن پہلے کے مقابلے میں شدت میں کمی آئی ہے۔
یاد رہے کہ  کووڈ 19 کے اثرات سے بچنے کے لیے ویکسین کا حصول ناگزیر ہے۔ سعودی قیادت کی ہدایت کے مطابق تمام سعودی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کو ویکسین مفت مہیا کی جا رہی ہے۔ 
 وزارت صحت نے ’تطمن‘ کلینکس کورونا کی علامتیں محسوس کرنے والے ہر فرد کی سہولت کے لیے قائم کررکھے ہیں۔
وزارت صحت کا کہنا ہے کہ جو شخص بھی محسوس کرے کہ اس کا درجہ حرارت بڑھا ہوا ہے۔ سانس لینے میں مشکل ہورہی ہے۔ سینے میں درد ہے، کھانسی کا عارضہ لاحق ہے، گلے میں گھٹن ہے، اسہال ہورہے ہیں، سونگھنے اور چکھنے کا احساس ختم ہوگیا ہے وہ تطمن کلینکس سے رابطہ کرکے طبی معائنہ کرا لے۔
  تطمن کلینکس پہلے سے ٹائم لیے بغیر بھی جایا جا سکتا ہے۔ یہ سہولت بعض ہیلتھ سینٹرز اور ہسپتالوں میں بھی دستیاب ہے۔

شیئر: