Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈونیشیا: کورونا ویکسین لگوانے سے انکار پر بھاری جرمانے کی دھمکی

عوام کی اکثریت میں ویکسین سے متعلق شکوک شبہات پائے جاتے ہیں۔(فوٹو اے پی)
انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ میں کورونا ویکسین لگوانے سے انکار کرنے والے  شہریوں کو50 لاکھ روپے یعنی 365.89 ڈالرجرمانہ عائد کرنے کی دھمکی دیدی گئی ہے۔
روئیٹرز نیوزایجنسی کے مطابق اتنا غیر معمولی سخت جرمانہ عائد کرنے کا مقصد نئے ضابطے کی پابندی پرعملدرآمد یقینی بنانا ہے۔
جکارتہ کے نائب گورنر احمد رضا پتریہ نے کہا ہے کہ شہر کے حکام محض اصولوں کی پیروی کر رہے ہیں اورشہر میں اس طرح کی پابندیاں ایک آخری حربہ ہیں، جہاں جزیرہ نما میں آباد ملک میں پائے جانے والے 12لاکھ  کورونا وائرس انفیکشن کی ایک چوتھائی تعداد موجود ہے۔

سخت جرمانوں کا مقصد نئے ضابطے کی پابندی پرعملدرآمد یقینی بنانا ہے۔(فوٹو اے پی)

رضا پتریہ نے  کہا  ہےکہ اگر آپ اس حکم نامے کو مسترد کرتے ہیں تو  دو باتیں ہوں گی، ایک یہ کہ سماجی امداد روک دی جائے گی اور دوسرا یہ کہ جرمانہ کیاجائے گا۔
انڈونیشیا نے گزشتہ ماہ شروع کئے جانے والے ویکسی نیشن پروگرام کے تحت 15ماہ کے اندر اندر اپنی 27 کروڑ کی آبادی میں سے18کروڑ15لاکھ افراد کو ویکسین لگانے کا منصوبہ بنا رکھا ہے۔
انڈونیشیا میں34 ہزار افراد کورونا سے ہلاک ہوچکے ہیں۔
انڈونیشیا نے رواں ماہ کے شروع میں ایک صدارتی حکم نامہ جاری کیا تھا جس میں واضح کیا گیا تھا کہ جو شخص ویکسین لگوانے سے انکار کرے گا اس کو سماجی امداد یا سرکاری خدمات کی فراہمی سے انکار کیا جا سکتا ہے یا پھر اسے جرمانہ ادا کرنے کے لئے کہا جائے گا۔

ویکسین کے بارے میں عوام کی بے چینی راستے کی رکاوٹ بن سکتی ہے۔(فوٹو روئیٹرز)

وزارت صحت کی عہدیدار ستی نادیہ ترمزی نے کہاکہ حکومت کی جانب سےعائد کی جانیوالی پابندیاں ویکسی نیشن پروگرام میں لوگوں کی شرکت ممکن بنانے اور اس حوالے سے ان کی حوصلہ افزائی کی آخری کوشش ہیں۔
یہ نیا ضابطہ لوگوں کے شکوک شبہات کے بعد سامنے آیا جن میں کہا جا رہا تھا کہ آیا کورونا ویکسین محفوظ ، موثر اور حلال ہے نیز کیا یہ اسلامی لحاظ سے جائز ہے۔
صحت عامہ کے ماہرین کا کہنا ہے کہ اس ویکسین کے بارے میں عوام میں پائی جانیوالی بے چینی راستے کی رکاوٹ بن سکتی ہے۔
دوسری جانب مغربی جاوا اور مغربی نوسا تنگارہ میں صحت کے اداروں نے کہا ہے کہ پابندیاں عائد کرنے کے حوالے سے ان کا کوئی منصوبہ نہیں۔
ایمنسٹی انٹرنیشنل انڈونیشیا کے ڈائریکٹرعثمان حامد نے کہا کہ ویکسی نیشن کا ’’نفاذ‘‘ کسی بات کا جواب نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ویکسین لگوانے کا فرمان سب پر لاگو کرنا اور وہ بھی اس طرح کہ اس میں جرمانے جیسی سزائیں شامل ہوں، یہ انسانی حقوق کی صریح خلاف ورزی ہے۔
 

شیئر: