Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جارجیا میں گر کر تباہ ہونے والے ترکیہ کے فوجی طیارے میں سوار ’تمام 20 اہلکار ہلاک‘

ترکیہ کے وزیر دفاع نے جارجیا میں گر کر تباہ ہونے والے ملٹری کارگو طیارے میں سوار تمام 20 اہلکاروں کی ہلاکت کی تصدیق کر دی ہے۔
خبر رساں ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق سی-130 طیارے نے منگل کو وطن واپسی کے لیے آذربائیجان سے اُڑان بھری تھی جب وہ جارجیا اور آذربائیجان کی سرحد کے قریب گر کر تباہ ہوگیا۔
وزیر دفاع یشار گلر نے ایک پیغام میں کہا کہ ’ہمارے بہادر کامریڈز 11 نومبر 2025 کو شہید ہوئے جب ہمارا سی-130 ملٹری کارگو طیارہ جو آذربائیجان سے ترکیہ واپس آ رہا تھا، جارجیا-آذربائیجان سرحد کے قریب گر کر تباہ ہوگیا۔‘
انہوں نے اپنے پیغام کے ساتھ ہلاک ہونے والے اہلکاروں کی تصاویر بھی شیئر کی ہیں۔ حادثے کی وجہ جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔
آذربائیجان کی میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیوز میں دکھایا گیا تھا کہ طیارہ فضا میں گھومتا ہوا نیچے آ رہا ہے، اور زمین پر گرنے کے بعد سیاہ دھوئیں کا بڑا بادل اٹھتا نظر آیا۔
حادثے کی جگہ سے موصول ہونے والی ایک اور ویڈیو میں جلے ہوئے طیارے کے ملبے کو آگ کی لپیٹ میں دکھایا گیا، جبکہ کئی افراد کھیت میں کھڑے یہ منظر دیکھ رہے تھے۔
آذربائیجان کے صدر الہام علییف نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ترک صدر سے اظہارِ تعزیت کیا۔
وزارتِ خارجہ کے مطابق ترک وزیرِ خارجہ حقان فدان نے جارجیائی ہم منصب ماکا بوچورِشویلی سے فون پر بات کی اور امدادی کارروائیوں پر تبادلہ خیال کیا۔
جارجیا کی وزارتِ داخلہ نے تصدیق کی کہ طیارہ سگناغی کے علاقے میں، آذربائیجان کی سرحد سے تقریباً پانچ کلومیٹر کے فاصلے پر گر کر تباہ ہوا۔
جارجیا کی فضائی ٹریفک کنٹرول ایجنسی ساکاایروناویگاتسیا نے کہا کہ طیارہ جارجیائی فضائی حدود میں داخل ہونے کے چند منٹ بعد ریڈار سے غائب ہو گیا، اور اس نے کوئی ہنگامی سگنل بھی نہیں بھیجا۔

شیئر: