پاکستان سپر لیگ کا بخار چڑھتا نظر آرہا ہے اور کرکٹ شائقین اپنی اپنی پسندیدہ ٹیم اور کھلاڑیوں سے متعلق باتیں کر رہے ہیں لیکن ادھر انڈیا میں آئی پی ایل کی تازہ نیلامی نے لوگوں کی توجہ کو اپنی جانب مبذول کر لیا ہے۔
جنوبی افریقہ کے آل راؤنڈر کرس مورس نے تازہ خریداری میں گذشتہ سارے ریکارڈ توڑ دیے جبکہ ایک مقامی غیرمعروف کھلاڑی کرشنپا گوتم کے لیے سب سے زیادہ بولی لگی ہے۔
کرس مورس کو اگر راجستھان رائلز نے 16 کروڑ 25 لاکھ انڈین روپے (پاکستانی روپوں میں 35 کروڑ سے زائد) میں خریدا ہے تو کرشنپا گوتم کو چنئی سپر کنگز کی جانب سے نو کروڑ 25 لاکھ انڈین روپے (پاکستانی روپوں میں 20 کروڑ سے زائد) میں خریدا گیا ہے۔
مزید پڑھیں
-
آئی پی ایل: دھونی کے سب سے زیادہ میچزNode ID: 508996
-
پانی پُوری بیچنے سے آئی پی ایل تک کا سفرNode ID: 509696
کرشنپا پہلے ایسے ان کیپڈ کھلاڑی ہیں جن کی اتنی بولی لگی ہے۔ ان کیپڈ کھلاڑی وہ ہوتے ہیں جو ملکی ٹیم کا حصہ نہ رہے ہوں۔
ان کے بعد مقامی کھلاڑیوں میں شاہ رخ خان کی ریکارڈ بولی لگی۔ انھیں پریتی زنٹا کی ٹیم کنگز الیون پنجاب نے سوا پانچ کروڑ روپے (پاکستانی روپوں میں 11 کروڑ 47 لاکھ) میں خریدا۔
کہا جاتا ہے کہ ’نیلامی کی ٹیبل سے پریتی زنٹا کولکتہ نائٹ رائڈرز کی میز کی جانب مڑ کر زور سے چیخیں کہ ’ارے شاہ رخ تو میری ٹیم میں ہیں۔‘
کولکتہ کی میز پر شاہ رخ کے بیٹے آریان خان بیٹھے تھے۔

غیر ملکی کھلاڑیوں میں کرس مورس کے بعد نیوزی لینڈ کے فاسٹ بولر کائل جمیسن دوسرے مہنگے کھلاڑی رہے۔ ان کی ابتدائی قیمت 75 لاکھ روپے (انڈین) رکھی گئی تھی لیکن انھیں رائل چیلنجرز بنگلور نے 15 کروڑ انڈین روپے (پاکستانی روپوں میں 32 کروڑ سے زائد رقم) میں خریدا۔
ان کے بعد تیسرے نمبر پر آسٹریلین آل راؤنڈر گلین میکسویل کی بولی لگی ان کی ابتدائی قیمت دو کروڑ روپے رکھی گئی تھی لیکن انھیں بھی 14 کروڑ 25 لاکھ انڈین روپے (پاکستانی روپوں میں 31 کروڑ سے زائد رقم) میں رائل چیلنجرز بنگلور نے خریدا۔
حیرت انگیز طور پر انگلینڈ کے کھلاڑی جیسن رائے اور ایلکس ہیلز کو کوئی خریدار نہ مل سکا جبکہ سابق آسٹریلوی کپتان سٹیون سمتھ کو دو کروڑ 20 لاکھ انڈین روپے (پاکستانی روپوں میں 4 کروڑ 80 لاکھ) میں دہلی کیپیٹلز نے خرید لیا۔
انگلینڈ کے آل راؤنڈر معین علی کو چنئی سپر کنگز نے سات کروڑ انڈین روپے (پاکستانی روپوں میں 15 کروڑ 30 لاکھ) میں خریدا۔
اسے آئی پی ایل کی چھوٹی نیلامی کہا جا رہا ہے کیونکہ اس میں زیادہ کھلاڑیوں کو منتخب نہیں کیا گیا۔ اس نیلامی کے لیے 292 کھلاڑیوں کو شارٹ لسٹ کیا گیا جس میں 164 انڈین اور 128 غیر ملکی کھلاڑی شامل تھے۔
