Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عمان میں 15 روز کے لیے پروازوں اور 10 ممالک کے مسافروں پر پابندی عائد

عمان کی حکومت نے اپنی شہریوں اور مقیم رہائشیوں پر زور دیا ہے کہ ’وہ بیرون ملک سفر سے گریز کریں‘ (فوٹو: اے ایف پی)
عمان نے کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے پروازوں پر پابندی عائد کرتے ہوئے 10 ممالک کے مسافروں پر پابندی عائد کر دی ہے۔
عمان کی سرکاری نیوز ایجنسی او این اے کے مطابق ’کورونا وائرس کے حوالے سے قائم ملک کی اعلیٰ کمیٹی نے سوڈان، لبنان، جنوبی افریقہ، برازیل، نائیجیریا، تنزانیہ، گھانا، گنی، سیرالیون اور ایتھوپیا کے مسافروں پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا۔‘
پروازوں پر 15 روز کے لیے پابندی اور دو ہفتے کے لیے سفری پابندی کا اطلاق جمعرات سے ہوگا۔

 

عمانی شہری، سفارت کار اور طبی شعبے سے وابستہ افراد کو ان پابندیوں سے استثنیٰ دیا گیا ہے تاہم انہیں کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے نافذ ضوابط کی پابندی کرنا ہوگی۔
عمان کی حکومت نے اپنی شہریوں اور مقیم رہائشیوں پر زور دیا ہے کہ ’وہ بیرون ملک سفر سے گریز کریں، اور صرف ناگزیر صورت حال میں ہی سفر کریں۔‘  
رپورٹ کے مطابق ’اعلیٰ کمیٹی نے کورونا وائرس کی نئی شکل کے حوالے سے لاحق خطرات پر بھی غور کیا
 کہ سلطنت میں اس کا پھیلاؤ ہوسکتا ہے اور اس سے صحت کے اداروں پر دباؤ بڑھ سکتا ہے۔‘
 کمیٹی نے بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کی رپورٹس اور پی سی آر ٹیسٹس کا بھی جائز لیا۔
یاد رہے کہ عمان میں کورونا وائرس سے ایک لاکھ 39 ہزار 692 افراد متاثر ہوچکے ہیں اور مزید 26 افراد کو ہسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔
ملک میں کورونا سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد ایک ہزار 555 ہے۔

شیئر: