Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

واٹس ایپ صارفین روزانہ ایک ارب سے زائد کالز کرتے ہیں

واٹس ایپ نے اپنے 12 برس مکمل ہونے پر ایپ استعمال سے متعلق ڈیٹا جاری کیا ہے (فوٹو: پکسابے)
میسجنگ ایپلی کیشن واٹس ایپ کا کہنا ہے کہ ’ایپ کے صارفین روزانہ ایک ارب سے زائد کالز کرتے ہیں۔‘
فیس بک کی ملکیتی میسجنگ ایپلی کیشن واٹس ایپ کو 12 برس مکمل ہوئے تو ایپ نے اپنے استعمال سے متعلق اعدادوشمار جاری کیے ہیں۔
واٹس ایپ کی جانب سے ٹوئٹر پر جاری کیے گئے پیغام میں بتایا گیا ہے کہ ’ہر ماہ دو ارب سے زائد صارفین ایپ کا رخ کرتے اور ماہانہ 100 ارب پیغامات جب کہ روزانہ ایک ارب سے زائد کالز کرتے ہیں۔‘

واٹس ایپ نے اسی پیغام میں گذشتہ کچھ عرصے کے دوران صارفین کی بے چینی کا باعث بننے والے ڈیٹا سکیورٹی معاملے کا ذکر کیا تو اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن جاری رکھنے کا اعلان کیا۔
واٹس ایپ نے کچھ عرصہ قبل اپنے بزنس اکاؤنٹس کی پرائیویسی سے متعلق اپ ڈیٹ جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’نئی شرائط کو تسلیم کیا جائے وگرنہ اکاؤنٹ ڈیلیٹ ہو جائے گا۔‘
صارفین کی جانب سے معاملے پر سخت ردعمل آیا اور میسجنگ کے لیے دیگر ایپلی کیشنز کا رخ کیا گیا تو واٹس ایپ نے یکے بعد دیگرے متعدد وضاحتوں کے ذریعے معاملہ سنبھالنے کی کوشش کی تھی۔
اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن بحال رکھنے کی متعدد وضاحتیں بھی شاید ایپ کے صارفین کو یکسو نہ کر سکیں۔ واٹس ایپ کے حالیہ پیغام پر ردعمل دینے والوں نے اپنے خدشات کا اظہار کیا تو واضح تھا کہ وہ ڈیٹا پرائیویسی سے متعلق اس معاملے کو نظر انداز نہ کر سکے۔

ایک صارف نے میسیجز کا میٹا ڈیٹا انکرپٹڈ نہ ہونے کا دعوی کیا تو لکھا کہ ’بزنس اکاؤنٹ ہو یا نہ ہو، میں دوستوں سے جو بات کروں، مجھے وہی اشتہارات دکھائی دیتے ہیں۔ اینڈ ٹواینڈ انکرپشن کا مطلب ڈیٹا پرائیویسی نہیں۔ آپ (واٹس ایپ) اب بھی ناقابل اعتبار کمپنی کے ساتھ ڈیٹا شیئر کر رہے ہیں‘۔

شیئر: