Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’کترینہ سے مشابہت کی وجہ سے مجھے ’فیٹرینا‘ کہا گیا‘

زرین خان نے 2010 میں سلمان خان کے ساتھ فلم ’ویر‘ سے ڈبیو کیا تھا (فوٹو: زرین خان انسٹاگرام)
بالی وڈ میں سلّو بھائی کے نام سے پہچانے جانے والے سلمان خان اپنی اداکاری کے علاوہ دوستی اور محبت کے قصوں کی وجہ سے بھی انڈسٹری میں کافی مشہور ہیں لیکن فلم نگری میں نئے چہروں کو متعارف کرانے کا سہرا بھی سلمان خان کے سر جاتا ہے۔
کترینہ کیف ہوں یا سناکشی سنہا، گلوکار ہمیش ریشمیا ہوں یا اداکارہ سنیہا الال، ان سب کو ہی فلم نگری کا رستہ دکھانے میں سلمان خان کا بڑا کردار رہا ہے۔ انہی میں سے ایک نام زرین خان کا بھی ہے جنہیں سلو بھائی ہی فلمی دنیا میں لے کر آئے۔
زرین خان نے 2010 میں جب سلمان خان کے ساتھ فلم ’ویر‘ سے ڈبیو کیا تو ان کی اداکاری سے زیادہ جس چیز نے فلم شائقین کی توجہ اپنی جانب کرائی وہ تھی ان کی کترینہ کیف سے مشابہت۔ اسی وجہ سے انہیں ’کترینہ کیف کی ہم شکل‘ کہا جانے لگا۔
زرین خان اس کے بعد چند ہی فلموں میں نظر آئیں جو باکس آفس پر زیادہ کامیابی نہ سمیٹ سکیں اور آج بھی وہ بالی وڈ میں اپنا نام بنانے کے لیے کوشش جاری رکھے ہوئے ہیں۔
زرین خان کو انڈسٹری میں قدم رکھنے کے بعد کن مسائل کا سامنا کرنا پڑا، اس حوالے سے انہوں نے انڈین اخبار ٹائمز آف انڈیا کو انٹرویو میں بتایا کہ ’میرا اداکارہ بننے کا کوئی ارادہ نہیں تھا، انڈسٹری میں آنے کے بعد مجھ پر کافی تنقید کی گئی اور فلموں میں اپنی پسند کا کردار ملنے کے لیے بہت مشکل کا سامنا کرنا پڑا۔‘

زرین خان چند ہی فلموں میں نظر آئیں جو باکس آفس پر زیادہ کامیابی نہ سمیٹ سکیں (فوٹو: زرین خان انسٹاگرام)

زرین کے بقول انہیں فلموں میں زیادہ تر منفی کردار ملنے لگے جبکہ وہ اپنی اداکاری میں نیا تجربہ کرنے کی خواہشمند تھیں۔ ’وہ آپ کو اپنا ٹیلنٹ دکھانے کا موقع بھی نہیں دیتے اور پھر ایک جیسے کردار کرنے پر آپ کو جج بھی کرتے ہیں۔‘
انہوں نے بتایا کہ ’میں جس قسم کے کردار کرنا چاہتی ہوں اس کے لیے میں اب بھی محنت کر رہی ہوں، لوگوں سے ملتی ہوں کہ مجھے وہ کام ملے جو میں کرنا چاہتی ہوں۔ میں سکرین پر نظر آنے والی محض پُرکشش گڑیا نہیں ہوں۔‘
زرین خان کہتی ہیں کہ چونکہ ان کا کوئی فلمی بیک گراؤنڈ نہیں تھا اور نہ ہی کوئی ان کی رہنمائی کرنے والا تھا اس لیے وہ کافی پریشان بھی رہیں۔
’کریئر کے شروع میں مجھے کترینہ کیف کی ہم شکل کہا گیا، مجھے ایسا محسوس ہوتا تھا کہ لوگ مجھے اپنا آپ دکھانے کا موقع ہی نہیں دے رہے اور انہوں نے اپنی ایک رائے قائم کر لی ہے۔  اس کے علاوہ میرا وزن بھی جیسے ایک ’قومی مسئلہ‘ ہی بن گیا تھا۔‘

زرین خان کہتی ہیں کہ چونکہ ان کا کوئی فلمی بیک گراؤنڈ نہیں تھا اس لیے انہیں کافی پریشانی ہوئی (فوٹو: زرین خان انسٹاگرام)

انہوں نے کہا کہ ’مجھے عجیب و غریب نام دیے گئے۔ مجھے ’فیٹرینا‘ کہا گیا۔ میں سمجھ نہیں سکی کہ ایسا کیوں ہوا حالانکہ اس سے پہلے میرا وزن 100 کلوگرام تھا جبکہ اس وقت 60 کلوگرام سے بھی کم تھا۔‘
زرین خان کہتی ہیں کہ میں جیسی ہوں اب میں خوش ہوں۔ اب میں نے اس طرف توجہ دینا شروع کر دی ہے جو میرے لیے اہم ہے۔ میں ایک ایسی انڈسٹری میں ہوں جس کا تعلق اداکاری سے ہے میرے وزن سے نہیں۔‘

شیئر: