Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا میں مُرغوں کی لڑائی: پنجوں پر لگے تیز دھار بلیڈ سے مالک ہلاک

انڈیا کی ریاست آندرا پردیش میں مرغوں کی لڑائی پر پابندی ہے (فوٹو: نوٹس آف نومیڈ)
انڈیا کی ریاست آندرا پردیش میں ایک مرغ نے اپنے پنجوں پر لگے تیز دھاری بلیڈ سے اپنے مالک کو ہلاک کر دیا۔
فرانسیسی خبر ایجنسی اے ایف پی کے مطابق پولیس کا کہنا ہے مرغوں کی لڑائی کا مقابلہ کروانے والوں کی تلاش جاری ہے جو کہ انڈیا میں غیر قانونی ہے۔
مقابلے کے دوران مرغے نے مالک کے ہاتھوں سے خود کو چھڑوانے کے دوران بلیڈ مارا جو مالک کی ران کے قریب شریان پر لگا۔
پولیس افسر بی جیون نے اے ایف پی کو بتایا کہ زیادہ خون بہنے کی وجہ سے مالک کی ہسپتال پہنچنے سے پہلے ہی موت ہو گئی۔
پولیس کے مطابق 16 افراد مرغوں کی لڑائی کا مقابلہ کروا رہے تھے اور مرنے والا شخص ان میں سے ایک تھا۔
مرغے کو کچھ دیر کے لیے پولیس سٹیشن میں رکھا گیا اور پھر اسے ایک پولٹری فارم بھیج دیا گیا۔
بی جیون نے کہا کہ ’ہم اس غیر قانونی مقابلہ کروانے والے باقی 15 آرگنائزرز کی تلاش کر رہے ہیں۔‘ ان پر قتل، غیرقانی جوئے بازی اور موغوں کی لڑائی کروانے کا مقدمہ بن سکتا ہے۔
انڈیا کی ریاست آندرا پردیش میں مرغوں کی لڑائی پر پابندی ہے لیکن لوگ دیہاتوں میں یہ مقابلے منعقد کرواتے ہیں خاص طور پر ہندوؤں کے تہوار سکرانتی کے موقع پر ایسے مقابلے ہوتے ہیں۔
مرغوں کے پنجوں پر تین انچ لمبے اور تیز دھار والے بلیڈ دھاگے کی مدد سے لگائے جاتے ہیں اور پھر لڑائی پر شرطیں لگتی ہیں۔
ان مقابلوں کی وجہ سے ہر سال ہزاروں مرغے مرتے ہیں اور لوگوں کی بڑی تعداد یہ مقابلے دیکھتی ہے۔

شیئر: