Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

رومال بیچتے بزرگ سے پولیس اہلکار کی ’مفت خوری‘: ’یہ ایسا ہی کرتے ہیں‘

ایس ایس پی آپریشن نے بزرگ شہری کو دفتر بلا کر ان سے معذرت کی (فوٹو: سید مصطفی تنویر ٹوئٹر)
اسلام آباد پولیس کے ایک اہلکار کی جانب سے سڑک پر صفائی کے لیے استعمال ہونے والے کپڑے فروخت کرتے ایک بزرگ فرد سے مفت کپڑا لیا گیا۔
اس عمل کی ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر ہوئی اور پولیس کا یہ رویہ تنقید کا نشانہ بنا تو وفاقی دارالحکومت کی پولیس کے ایک سینیئر آفیشل کو معافی مانگنا پڑی۔
زین شیخ نامی ایک صارف نے چند سیکنڈ کا ایک ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر شیئر کیا تھا جس میں پولیس اہلکار کو بزرگ شخص سے مفت کا رومال لیتے نہ صرف دیکھا جا سکتا ہے بلکہ وہ معاملہ پوچھنے پر یہ کہتے بھی سنائی دیتے ہیں کہ ’یہ ایسے ہی کرتے ہیں‘۔
پہلی مرتبہ سامنے آنے کے فورا بعد بہت سے دیگر صارفین نے بھی مذکورہ ویڈیو کلپ شیئر اور ری شیئر کیا، جب کہ مختلف یوزرز کی جانب سے اس ویڈیو پر کیے گئے تبصروں میں ناپسندیدگی کا اظہار کیا جاتا رہا۔
ابتدائی ویڈیو شیئر کرنے والے صارف نے ایک ٹویٹ میں بتایا کہ انہوں نے مذکورہ بزرگ کی مالی مدد کرنے کی کوشش کی تو انہوں نے ’بیٹا میں بھیک نہیں مانگتا‘ کہہ کر امداد قبول کرنے سے انکار کر دیا۔

پولیس اہلکار کی ’مفت خوری‘ سے متعلق معاملہ سوشل ٹائم پر وائرل ہوا تو اسلام آباد پولیس نے وضاحت کی کہ مذکورہ اہلکار کی شناخت کر کے اسے معطل کر دیا گیا ہے۔
اسلام آباد پولیس کے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل نے یہ بھی بتایا کہ ’ایس پی انڈسٹریل ایریا مذکورہ اہلکار کے خلاف محکمانہ انکوائری کر رہے ہیں‘۔
 

کچھ صارفین نے اسلام آباد پولیس کی فوری کارروائی پر انہیں سراہا اور اس عمل کو آئندہ ایسے واقعات کے سدباب کے لیے مفید قرار دیا۔ البتہ پولیس کی جانب سے محکمانہ کارروائیوں کے نتائج کا ذکر کرنے والے کچھ یوزرز مطمئن نہ ہوئے تو مطالبہ کیا کہ تفتیشی عمل سے متعلق آگاہ کیا جاتا رہے۔
 

بزرگ شہری کے ساتھ پیش آنے والے واقعے پر تبصرہ کرنے والے صارفین کی تعداد مزید بڑھی تو اسلام آباد پولیس کے ایس ایس پی آپریشنز سید مصطفی تنویر عباس نے ویڈیو کی صورت وضاحت جاری کی۔
ایس ایس پی آپریشنز نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں لکھا ’عبدالشکور صاحب کو چائے پر اپنے دفتر مدعو کیا اور محکمہ پولیس سمیت معطل شدہ فرد کے رویے پر ان سے معافی مانگی‘۔
 
ایک الگ ٹوئٹر پیغام میں ایس ایس پی آپریشنز کا کہنا تھا کہ ہم ادارے میں ایسی اصلاحات لانے کے لیے کوشاں ہیں جس سے پولیس مزید بہتر ہو سکے۔
اسلام آباد پولیس کے افسر نے شکایات کی صورت میں ان سے براہ راست رابطے کی درخواست بھی کی۔

شیئر: