Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کار حادثے پر انشورنس کلیم کا طریقۂ کار جو غیر ملکیوں کے لیے جاننا ضروری

جب تک نقصان کی رقم ادا نہ کی جائے یا معاف نہ کیا جائے اس وقت تک نقصان کا ذمہ دار شخص پولیس لاک اپ میں رہتا ہے: فوٹو فری پکس
سعودی عرب میں ٹریفک قوانین کے تحت گاڑیوں کی تھرڈ پارٹی انشورنس کرانا لازمی ہے۔ انشورنس نہ کرانا قانونی خلاف ورزی شمار ہوتی ہے جس پر چالان کیا جاتا ہے جبکہ حادثے کی صورت میں مشکل صورتحال کا بھی سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ 
تھرڈ پارٹی انشورنس سکیم کے لیے مختلف منظور شدہ کمپنیاں مقرر ہیں جن کی خدمات حاصل کی جاسکتی ہیں۔
انشورنس کرانے کے لیے ڈرائیورکا سابقہ ریکارڈ دیکھ کر سالانہ پریمیم مقرر کیا جاتا ہے۔ حادثات نہ کرنے والے ڈرائیور کے لیے تھرڈ پارٹی انشورنس کے پریمیم میں رعایت دی جاتی ہے جبکہ گاڑی کا ماڈل اور اس کے پارٹس کی قیمت کا تعین بھی کیا جاتا ہے۔ 
حادثے کی صورت میں کیا کریں؟
ٹریفک پولیس کی جانب سے نجی سکیورٹی کمپنی ’نجم‘ کو مخصوص حالات میں حادثات کی رپورٹ کرنے کا اختیار دیا گیا ہے۔ کمپنی صرف اس صورت میں ہی حادثے کی رپورٹ کر سکتی ہے جب حادثے کا شکار ہونے والی دونوں پارٹیوں کے پاس انشورنس سکیم ہو۔ 
کسی ایک پارٹی کے پاس انشورنس نہ ہونے کی صورت میں کیس ٹریفک پولیس براہ راست دیکھتی ہے۔ ٹریفک حادثے کے وقت یہ ضروری ہے کہ گاڑی کو جائے حادثہ سے اس وقت تک نہ ہٹایا جائے جب تک نجم انشورنس یا ٹریفک پولیس کے اہلکار جائے حادثہ پر نہ پہنچ جائیں۔
علاوہ ازیں اگر حادثہ ایسی جگہ ہوا ہے جس سے ٹریفک متاثر ہو رہا ہے تو اس صورت میں جائے حادثہ اور متاثرہ گاڑیوں کی مختلف زاویوں سے تصاویر لینے کے بعد انہیں ایک طرف کیا جا سکتا ہے تاکہ تصاویر بعدازاں اہلکار کو فراہم کی جاس کیں جو حادثے کی ذمہ داری کا تعین کرے گا۔ 
نجم کا ادارہ 

اگرکسی ایک پارٹی کی انشورنس نہیں اس صورت میں کیس ٹریفک پولیس براہ راست دیکھتی ہے: فوٹو فری پکس

ٹریفک پولیس کی جانب سے نجم کے ادارے کو حادثے کی صورت میں رپورٹ مرتب کرنے کا اختیار دیا گیا ہے۔
حادثے کی صورت میں نجم کمپنی کے مشترکہ نمبر 920000560 پر کال کی جائے( یہ کال مفت کال نہیں ہوتی) علاوہ ازیں نجم کی ایپ بھی موجود ہے جس سے مستفیض ہوا جاسکتا ہے۔ 
نجم کمپنی کو کال کرکے جائے حادثہ کے بارے میں معلومات فراہم کی جاتی ہیں حادثے میں زخمی ہونے کی صورت میں نجم کو مطلع کرنے پرکمپنی کی جانب سے فوری طورپر امدادی ٹیم ارسال کرنے کا اہتمام کیا جاتا ہے۔  
نجم کے اہلکار حادثے کا معائنہ کرنے کے بعد فریقین کی غلطی کا تعین کرتے ہیں بعدازاں دونوں کے موبائل فون پر رپورٹ کا لنک ارسال کر دیا جاتا ہے۔ 
کمپنی کی جانب سے ارسال کردہ لنک سے فائل کو ڈاون لوڈ کر کے اس کا پرنٹ نکالنا ضروری ہوتا ہے جس میں ایک پیپر نقصان کا تخمیہ لگانے والے ادارے جسے عربی میں ’شیخ المعارض ‘ یا ’شیخ الورش‘ کہتے ہیں کے لیے ہوتا ہے۔
جبکہ دوسرا ٹریفک پولیس کے لیے جاری کیا جاتا ہے جہاں سے گاڑی کی اصلاح و مرمت کی اجازت حاصل کی جاتی ہے۔ 
شیخ المعارض  

انشورنس نہ کرانا قانونی خلاف ورزی شمار ہوتی ہے جس پر چالان کیا جاتا ہے جبکہ حادثے کی صورت میں مشکل صورتحال کا بھی سامنا کرنا پڑ سکتا ہے: فوٹو ایس پی اے

حادثے کی صورت میں انشورنس کلیم کےلیے شیخ المعارض کے پاس جانا ضروری ہے جہاں موجود اہلکار گاڑی کا معائنہ کرنے کے بعد حادثے میں ہونے والے نقصان کا تخمیہ لگاتے ہیں جس میں اسپیئر پارٹس اور مرمت دونوں شامل ہوتے ہیں۔  
نقصان کا تخمینہ لگانے کے بعد انشورنس کمپنی کو کلیم ارسال کیاجاتا ہے جو تھرڈ پارٹی کے اصول کے تحت ہوتا ہے۔ حادثے میں اگر ایک فریق کی غلطی 75 فیصد جبکہ دوسرے کی 25 فیصد ہوتو انشورنس کمپنی کی جانب سے اسی تناسب سے نقصان کا ازالہ کیاجاتا ہے۔ 
انشورنس نہ ہونے کے نقصانات 

حادثے کی صورت میں نجم کمپنی کے مشترکہ نمبر 920000560 پر کال کی جائے: فوٹو فری پکس

انشورنس نہ ہونے کی وجہ سے حادثے کی صورت میں جس پارٹی کی غلطی ہوتی ہے اسے دوسری پارٹی کا نقصان پورا کرنا ہوتا ہے۔ 
جب تک نقصان کی رقم ادا نہ کی جائے یا معاف نہ کیا جائے اس وقت تک نقصان کا ذمہ دار شخص پولیس لاک اپ میں رہتا ہے۔
نقصان کا تخمینہ شیخ المعارض سے حاصل کردہ رپورٹ کے بعد مقررہ  رقم ادا کرنا لازمی ہے۔ رقم کی ادائیگی یا معافی کی صورت میں ہی پولیس حراست سے رہائی پائی جا سکتی ہے۔ 
انشورنس ہونے کی صورت میں پولیس مداخلت ختم ہو جاتی ہے جبکہ تمام نقصان انشورنس کمپنی ادا کرنے کی پابند ہے۔  
انشورنس کلیم کا حصول کس طرح؟ 
شیخ المعارض کی جانب سے جاری ہونے والی رپورٹ کے ساتھ مقررہ انشورنس کمپنی میں کلیم داخل کرنا ہوتا ہے جہاں مطلوبہ معلومات درج کیے جانے کے دوہفتے کے اندر کلیم کی رقم متاثرہ شخص کے بینک اکاونٹ میں منتقل ہو جاتی ہے۔

شیئر: