Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بائیڈن آسٹریلیا، جاپان اور انڈین قیادت کے ساتھ آن لائن میٹنگ کریں گے

انڈین وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ اس ملاقات میں ’علاقائی اور عالمی معاملات پر گفتگو ہوگی۔‘ (فوٹو: اے ایف پی)
امریکی صدر جو بائیڈن جاپان، آسٹریلیا اور انڈین قیادت کے ساتھ آن لائن میٹنگ کریں گے۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق وائٹ ہاؤس نے کہا ہے کہ یہ ملاقات جمعے کو ہو گی۔ چار ممالک کے اس گروپ کے رہنماؤں کی یہ پہلی میٹنگ ہے جس میں چین کے فوجی اور معاشی طاقت کے طور پر ابھرنے اور اس میں توازن پیدا کرنے پر بات چیت ہوگی۔
وائٹ ہاؤس کی ترجمان جین ساکی کا کہنا ہے کہ چار ممالک کی اس میٹنگ سے ظاہر ہوتا ہے کہ  انڈو پیسفک خطے میں جو بائیڈن اپنے اتحادیوں کو کس قدر اہمیت دیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ’کورونا وائرس، معاشی تعاون اور موسمیاتی تبدیلی پر گفتگو متوقع ہے۔‘
بائیڈن انتظامیہ کے ایک سینیئر اہلکار نے کہا کہ ’اس میٹنگ میں انڈیا میں کورونا ویکسین کی پیداوار بڑھانے کے لیے فنانسنگ ایگریمنٹ کیے جائیں گے۔ انڈیا کو چین کی ویکسین ڈپلومیسی سے نمٹنے کے لیے اس کی ضرورت ہے۔‘
امریکہ اپنے اتحادیوں کے ساتھ تعلقات کو مضبوط کر رہا ہے کیونکہ چین ایشیا اور دیگر جگہوں پر اپنا اثر و رسوخ بڑھا رہا ہے۔
اہلکار کا کہنا ہے کہ جمعے کو ہونے والی یہ میٹنگ دو گھنٹے تک جاری رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ ’موجودہ وقت میں چین نے انڈیا، آسٹریلیا اور جاپان کو چیلنج کیا ہے اور اس ملاقات میں مستقبل کی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔‘
انڈین وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ اس ملاقات میں ’علاقائی اور عالمی معاملات پر گفتگو ہوگی۔‘
آسٹریلیا کے وزیراعظم سکاٹ موریسن نے کہا ہے کہ ’ہمارے خطے میں یہ تاریخی لمحہ ہوگا اور اس سے خود مختار اور آزاد انڈوپیسفک ریجن کے لیے واضح پیغام جائے گا۔‘

شیئر: