Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

چین میں ’اینٹیں بنانے والا لڑکا ایشیا کا سب سے امیر شخص‘ کیسے بنا؟

ژونگ شان شان نے چینی کمپنی علی بابا کے بانی جیک ما سے چین کا امیر ترین آدمی ہونے کا اعزاز بھی چھین لیا ہے (فوٹو: بلومبرگ)
آپ نے اس سے قبل شاید چین کے اس ارب پتی کے بارے میں نہ سنا ہو جن کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ غصے کے تیز ہیں۔
فرانسیسی خبر ایجنسی اے ایف پی کے مطابق ان کا نام ژونگ شان شان ہے اور ایشیا کے سب سے امیر شخص بن چکے ہیں۔
ژونگ شان شان لوگوں سے الگ تھلگ رہنا پسند کرتے ہیں، ان کی پانی فروخت کرنے والی کمپنی کا نام ’نانگفو سپرنگ منرل واٹر‘ ہے۔ اس کے علاوہ ان کی فارماسوٹیکل کمپنی بھی ہے جو کورونا وائرس کی تشخیص کے لیے کٹس بناتی ہے۔
چائنیز میڈیا کے مطابق ژونگ شان شان نے 12 برس کی عمر میں سکول چھوڑ دیا اور وہ کبھی بھٹوں پر اینٹیں بناتے رہے، کبھی بڑھئی بن گئے اور اس کے علاوہ انہوں نے نیوز رپورٹر کے طور پر بھی کام کیا۔
اے ایف پی کے مطابق امیر افراد کی لسٹ تیار کرنے والے ادارے ’ہورون رپورٹ‘ نے کہا ہے کہ ژونگ شان شان کے اثاثوں کی مالیت 85 ارب ڈالرز تک پہنچ گئی ہے اور اس طرح وہ دنیا کے ساتویں امیر ترین شخص بھی بن چکے ہیں۔
بلومبرگ کے مطابق چین میں انہیں ’تنہا بھیڑیا‘ کہا جاتا ہے جس کی وجہ یہ ہے کہ لوگوں کے سامنے بہت کم آتے ہیں، وہ انٹرویو دینا بھی پسند نہیں کرتے اور انہوں نے بہت کم عرصے میں دولت بنائی ہے۔
انہوں نے چینی کمپنی علی بابا کے بانی جیک ما سے چین کا امیر ترین آدمی ہونے کا اعزاز بھی چھین لیا ہے لیکن لوگ ان کے بارے میں زیادہ نہیں جانتے۔

ژونگ شان شان نے کہا تھا کہ ’میری شخصیت میں کسی کی خوشامد کرنا شامل نہیں ہے۔‘ (فوٹو: سی این این)

چین میں عام طور پر کاروباری حضرات بزنس ڈیلز کے لیے ہوٹلوں میں کھانا کھاتے ہیں اور مشروب پیتے ہیں۔
لیکن چینی میڈیا کو دیے گئے ایک خصوصی انٹرویو میں ژونگ شان شان نے کہا تھا کہ ’میری شخصیت میں کسی کی خوشامد کرنا شامل نہیں ہے۔ مجھے لوگوں کے ساتھ ملنا اور مشروبات پینا پسند نہیں ہے۔‘
 

شیئر: