Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’گیلانی صاحب سے بدلہ لے لیا، ہور کوئی خدمت ساڈے لائق؟‘

شہبار گل نے کہا قومی اسمبلی میں ہمارے چار ووٹ ضائع ہونے تھے، آج اپوزیشن کے سات ووٹ ضائع ہوئے۔ (فوٹو: قومی اسمبلی سیکرٹریٹ)
وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا ہے کہ آج پی ڈی ایم کی تدفین ہو گئی ہے۔
جمعے کو صادق سنجرانی کے چیئرمین سینیٹ منتخب ہونے کے بعد اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شبلی فراز نے کہا کہ ’پہلے عمران خان کو اعتماد کا ووٹ ملا اور آج ہمارا نامزد امیدوار چیئرمین سینیٹ بن گیا۔‘
وفاقی وزیر اطلاعات نے اپوزیشن کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ’پی ڈی ایم کی تدفین ہو گئی ہے۔ ان کی سیاست پاکستان کے عوام کے لیے نہیں ہے۔عوام کرپشن کے خلاف نکلتے ہیں، اسے بچانے کے لیے نہیں نکلتے۔‘
شبلی فراز نے اپوزیشن کی جانب سے پولنگ بوتھ میں کیمروں کی تنصیب کے دعوے کے حوالے سے کہا کہ ’صبح اپوزیشن نے خود کیمروں کا ڈراما کیا۔ ان کا خیال تھا کیمروں کا ناٹک رچا کر اس الیکشن پر اثر ڈال سکیں گے۔‘
پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل جاوید نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’آج سچ، حق، شفافیت، عوام، عمران خان اور پاکستان کی فتح ہوئی ہے۔‘
’آج کی فتح صادق سنجرانی کی فتح نہیں بلکہ پورے بلوچستان کی فتح ہے۔‘
سینیٹر فیصل جاوید نے اوپن بیلٹ کے حوالے سے کہا کہ ’عمران خان الیکشن اصلاحات لائیں گے اور ہم پھر اوپن ووٹنگ کی طرف جائیں گے۔‘
دوسری جانب وزیراعظم پاکستان عمران خان کےمعاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے صادق سنجرانی کی فتح پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ ’الحمداللہ حکومتی امیدوار صادق سنجرانی چیئرمین سینیٹ منتخب۔ گیلانی صاحب سے بدلہ لے لیا گیا۔‘
ڈاکٹر شہباز گل نے حفیظ شیخ اور یوسف رضا گیلانی کے انتخاب کے دوران پی ٹی آئی ارکان اسمبلی کے مسترد ہوئے ووٹوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’قومی اسمبلی میں ہمارے چار ووٹ ضائع ہوئے تھے، آج سات ووٹ ضائع ہوئے۔ ہور کوئی خدمت ساڈے لائق؟‘
وزیراعظم کے ترجمان نے اپوزیشن پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ ’اب رونا نہیں،خان نے کہا تھا خفیہ ووٹنگ نہ کرو۔‘

شیئر: