Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی ڈی ایم نے حکومت کو قومی اسمبلی، سینیٹ میں شکست دی، بلاول

راجہ پرویز اشرف نے کہا تحریک عدم اعتماد کا فیصلہ پی ڈی ایم مشاورت کے بعد کرے گی۔ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم نے قومی اسمبلی اور سینیٹ میں حکومت کو شکست دی ہے۔
جمعے کو اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ’سات ووٹ قانون کے مطابق اور درست کاسٹ ہوئے ہیں۔ انہیں ناجائز طریقے سے مسترد کیا گیا۔‘
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے ووٹ مسترد ہونے کے حوالے سے مزید کہا کہ ’اس کے خلاف عدالت میں جائیں گے۔ ہمیں امید ہے کہ ہمیں ہائی کورٹ سے انصاف ملے گا اور ہمارے حق میں فیصلہ آئے گا۔‘
انہوں نے پریزائڈنگ آفیسر سید مظفر حسین شاہ کے حوالے سے کہا کہ ’انہوں نے تعصب کا مظاہرہ کیا۔ وہ حکومت کے اتحادی ہیں۔‘
بلاول بھٹو زرداری نے اپنے سٹیبلشمنٹ کے ’غیر جانبدار‘ رہنے کے بیان کے حوالے سے جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’ میں نے مسلسل یہ بات کہی ہے کہ کوئی بھی غیرجانبدار ایک دن میں نہیں ہوتا۔‘
’کوئی بھی غیرجانبداری پلیٹ میں رکھ کر نہیں دیتا۔ اس کے لیے جدوجہد کرنی پڑتی ہے۔‘
انہوں نے اس حوالے سے مزید کہا کہ ’ہماری ہماری جدوجہد یہ ہے کہ سارے فیصلے پارلیمان میں ہوں۔‘
تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی نے کہا کہ اس حوالے سے پی ڈی ایم کی مشاورت جاری ہے۔‘
جبکہ چیئرمین سینیٹ کا انتخاب ہارنے والے سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ’حکومت کی فتح عارضی ہے، الیکشن چوری کیا گیا۔ پریزائڈنگ آفیسر غیرجانبدار نہیں تھا۔‘
اس سے قبل اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ نے کہا تھا کہ چیئرمین سینیٹ کے انتخاب کو مسترد کرتے ہیں، ووٹ مسترد کرنے کے خلاف عدالت جائیں گے۔
چیئرمین سینیٹ کے الیکشن کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ ’پی ڈیم ایم کے امیدوار کو اکثریت کے باوجود ہرایا گیا۔ پی ڈیم ایم اس الیکشن کو مسترد کرتی ہے۔‘
راجہ پرویز اشرف نے ووٹ مسترد ہونے کے حوالے سے کہا کہ ’سات ووٹرز نے یوسف رضا گیلانی کے نام کے اوپر مہر لگائی۔ ووٹ مسترد کرنے کے خلاف عدالت میں جائیں گے۔‘
راجہ پرویز اشرف نے عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’وزیراعظم نے کہا، میں ہار گیا تو اسمبلی توڑ دوں گا، وہ کسے ڈرا رہے ہیں۔‘
سابق وفاقی وزیر داخلہ اور پاکستان مسلم لیگ ن کے سینیئر رہنما احسن اقبال نے کہا کہ ’جس طرح ووٹ پر ڈاکہ ڈالا گیا، وہ شرمناک ہے۔‘
’ آج پی ڈی ایم کامیاب ہوئی ہے، ہمیں 49 ووٹ پڑے ہیں۔‘
احسن اقبال نے ووٹ مسترد ہونے کے حوالے سے کہا کہ ’جس امیدوار نے ووٹر کے نام پر مہر لگائی وہ ووٹ ٹھیک ہے۔ ہم اس معاملے پر عدالت سے رجوع کریں گے۔‘
پریس کانفرنس کے دوران حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں راجہ پرویز اشرف نے جواب دیا کہ ’تحریک عدم اعتماد کا آپشن موجود ہے۔ پی ڈی ایم مشاورت کے بعد فیصلہ کریں گی۔‘
جبکہ پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز شریف نے چیئرمین سینیٹ کے نتائج پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ ’یوسف رضا گیلانی صاحب کو جلد یا بدیر، فتح مبارک ہو۔‘
دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما طلال چوہدری نے بلاول بھٹو پر طنز کرتے ہوئے ٹویٹ کیا کہ ’بلاول بھٹو صاحب! نیوٹرل کا مزہ آیا۔‘
خیال رہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے گذشتہ مہینے لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران کہا تھا کہ ’سٹیبلشمنٹ سینیٹ انتخابات میں غیرجانبدار دکھائی دے رہی ہے۔‘

شیئر: