Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب سے واپسی پر کتنی مقدار میں آب زم زم لایا جا سکتا ہے؟

ٹیکنالوجی اپنانے کے باوجود اس بات کا خاص خیال رکھا گیا ہے کہ زمزم کی قدرتی خصوصیات میں کوئی فرق نہ آئے: فوٹو عرب نیوز
سعودی عرب سے جانے والے خواہ وہ عمرہ زائرین ہوں یا عام افراد ہر ایک اپنے ساتھ آب زم زم لازمی طور پر لے جاتا ہے۔ 
حکومت نے آب زم زم لے جانے والوں کے لیے خصوصی انتظام کیا ہے جس کے لیے ’شاہ فہد زم زم پروجیکٹ‘ قائم کیا گیا جہاں آب زم زم کو مخصوص بوتلوں میں پیک کرکے سپلائی کیا جاتا ہے۔
علاوہ ازیں حرمین شریفین میں آنے والوں کے لیے خصوصی طور پر واٹرکولز میں آب زم زم کی مستقل فراہمی کو یقینی بنایا گیا ہے۔ 
مکہ مکرمہ کے علاقے ’کدی ‘ میں آب زم زم پروجیکٹ ایک وسیع و عریض رقبے پر قائم ہے جہاں 10 لیٹر والی بوتل 5 ریال میں ملتی ہے۔ 
کورونا کے دنوں میں آب زم زم کی فراہمی 
گزشتہ برس مارچ 2020 میں کورونا وائرس کے کیسز سامنے آنے کے بعد کی جانے والی احتیاطی تدابیر کے تحت آب زم زم پروجیکٹ بھی عارضی طور پر بند کر دیا گیا۔ 
کورونا وائرس کی احتیاطی تدابیر کے تحت لگائے جانے والے کرفیو کے دوران مکہ مکرمہ میں رہنے والوں کی سہولت کے لیے زم زم پروجیکٹ سے آن لائن آب زم زم کی فراہمی کا سلسلہ شروع کیا گیا۔
بعدازاں اسے مملکت کے دیگر شہروں تک پہنچانے کے لیے معروف سپر مارکیٹس کو یہ اختیار دیا گیا کہ وہ اپنے سٹورز میں آب زم زم کی بوتلیں فروخت کریں تاکہ لوگ آسانی سے آب زم زم خرید سکیں۔ 
سپر مارکیٹ میں پانچ لیٹر والا آب زم زم کا کین 5.50 ریال میں فروخت کیا جا رہا ہے جبکہ کورونا کی پابندی سے قبل آب زمزم پروجیکٹ مکہ مکرمہ میں 10 لیٹر آب زم زم 5 ریال میں فروخت ہوا کرتا تھا۔  
بیرون ملک جانے والوں کے لیے خصوصی پیکنگ 

حکومت نے آب زم زم لے جانے والوں کے لیے خصوصی انتظام کیے ہیں: فوٹو عرب نیوز

سول ایوی ایشن کی ہدایات کو مدنظر رکھتے ہوئے آب زم زم پروجیکٹ کی جانب سے سفری تقاضوں کو مدنظررکھتے ہوئے پانچ لیٹر آب زم زم کے لیے خصوصی بوتلیں تیار کرائی گئیں جنہیں مخصوص ’گتے‘ کے ڈبوں میں پیک کیا جاتا ہے ۔ 
بین الاقوامی مسافروں کی سہولت کے لیے جدہ کے انٹرنیشنل ٹرمنلز پرزم زم سپلائی سینٹر قائم کیا گیا جہاں سول ایوی ایشن کی ہدایات کے مطابق مخصوص پیکٹوں میں آب زم زم مسافروں کو فراہم کیا جاتا ہے۔ 
ایئر پورٹ پر موجود آب زم زم سپلائی سینٹر سے ایک مسافر ایک پیکیٹ خرید سکتا ہے ۔ آب زم زم پیکیٹ خریدتے وقت سپلائی سینٹر میں مسافر کا پاسپورٹ چیک کیا جاتا ہے۔ 
ایک مسافر کتنا آب زم زم لے جا سکتا ہے 


آب زمزم کے پانی کے نمونوں کا باقاعدگی سے جائزہ لیا جاتا ہے۔ فوٹو اے ایف پی

سول ایوی ایشن کے منظور شدہ قواعد کے تحت ہوائی اڈوں پر بنے آب زم زم سپلائی سینٹر میں 5 لیٹر کا ایک پیک مسافر کو مفت لے جانے کی اجازت ہوتی ہے اس کے علاوہ دیگر پیکٹوں پر اضافی کارگو کا چارج دینا ہوگا۔ 
آب زم زم سامان میں یا بکسوں میں پیک کرکے لے جانے کی اجازت نہیں۔ اس حوالے سے سعودی عرب کی قومی ایئر لائن کا کہنا ہے کہ ایک مسافر کے لیے پانچ لیٹر والے کین کو مفت لے جانے کی اجازت ہے اس کے علاوہ ہراضافی کین کو کارگو کے اصول کے تحت چارج کیا جائے گا۔ 
مسافروں کے لیے خاص ہدایت 

زمزم کے کنویں کی پرانی ریلنگ اور بالٹی کو میوزیم میں محفوظ  کیا گیا ہے۔ فوٹو ایس پی اے

آب زم زم کے پیکیٹس یکساں ہوتے ہیں جبکہ انہیں ایئر پورٹ پر مخصوص کاؤنٹر میں رکھا جاتا ہے ۔ ہر پیکٹ پر مسافر کا ٹیگ لگا ہوتا ہے تاہم بیشتر اوقات مسافروں کو یہ شکایت رہتی ہے کہ اپنے سٹیشن پر پہنچ کر انہیں آب زم زم نہیں ملتا۔  
اپنے ملک پہنچ کرجن مسافروں کو آب زم زم نہیں ملتا انہیں چاہیے کہ وہ سامان کا ٹیگ سنبھال کررکھیں جس میں آب زمزم کے پیکیٹ پر لگائے گئے ٹیگ کا نمبر بھی ہوتا ہے اس صورت میں جب کسی کو اپنے سٹیشن پر آب زمزم نہیں ملے تو وہ ایئرلائن میں شکایت درج کرا سکتا ہے۔
یہ ایئر لائن کی ذمہ داری ہوتی ہے کہ وہ مسافروں کا سامان بحفاظت پہنچائیں ۔ بعض افراد اس امر سے واقف نہیں ہوتے اور وہ آب زم زم نہ ملنے پر چلے جاتے ہیں۔ 

شیئر: