پی پی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس چار اپریل کو طلب
جمعرات 18 مارچ 2021 20:26
پی ڈی ایم کے اجلاس میں استعفوں کے حوالے سے بننے والی صورت حال کے بعد سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی اجلاس کو بہت اہمیت کا حامل قرار دیا جا رہا ہے (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان پیپلز پارٹی نے سینٹرل ایگریکٹو کمیٹی کا اجلاس چار اپریل کو طلب کیا ہے جبکہ اسی روز راولپنڈی میں جلسہ بھی منعقد کیا جائے گا۔
جمعرات کو بلاول ہاؤس کراچی میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس میں یوسف رضا گیلانی، راجہ پرویزاشرف، شیری رحمان، نیر بخاری، فیصل کریم کنڈی، ہمایوں خان، قمرزمان کائرہ، نثار کھوڑو، سید مراد علی شاہ، وقار مہدی، چوہدری منظور اور زمرد خان شریک ہوئے۔
خیال رہے منگل کو پی ڈی ایم کے اجلاس میں استعفوں کے حوالے سے بننے والی صورت حال کے بعد پی پی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس کو بہت اہمیت کا حامل قرار دیا جا رہا ہے۔
اس سے قبل اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کی جانب سے اسمبلیوں سے استعفے دینے اور 26 مارچ کو حکومت کے خلاف لانگ مارچ کرنے کا اعلان کیا گیا تھا تاہم منگل کو ہونے والے اجلاس میں پیپلز پارٹی نے استعفوں کے نکتے سے عدم اتفاق کیا۔
اس اجلاس میں سابق صدر آصف علی زرداری بھی آن لائن شریک ہوئے تھے اور انہوں نے سابق وزیراعظم نواز شریف کو وطن واپس آنے کا مشورہ دیا تھا۔