Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سلامتی کونسل کی جانب سے مملکت پر حوثیوں کے حملوں کی مذمت  

سلامتی کونسل کا کہنا ہے کہ حوثیوں کے حملے بند ہونے ضروری ہیں(فوٹو، عاجل نیوز)
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل  نے سعودی عرب پر حوثیوں کے حملوں کی مذمت کی ہے۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق سلامتی کونسل نے بیان میں کہا  کہ ’مارب پر فوجی دباؤ بڑھانے سے نقل مکانی کرکے آنے والے دس لاکھ  یمنیوں کی زندگی خطرے میں پڑ گئی ہے ہم اس کی مذمت کرتے ہیں‘۔ 
سلامتی کونسل کا کہنا ہے کہ یمن میں عسکری کارروائیوں میں شدت پیدا کرنے خصوصا مارب پر حوثیوں کے حملے بند ہونے ضروری ہیں۔
یمنی صوبے مارب کے باشندے جن کی تعداد کا تخمینہ بیس لاکھ تک کا ہے۔ اجتماعی نقل مکانی کے مسئلے سے دوچار ہیں۔ ایران کے حمایت یافتہ حوثی دہشتگردوں کی ناکہ بندی اور شدید حملوں سے جان چھڑانے کے لیے لاکھوں یمنی مارب کا رخ کرتے رہے ہیں۔ مارب پر حوثیوں کے حملے بڑھ جانے کے باعث مارب میں بدترین انسانی  بحران جنم لے رہا ہے۔ اس سے امن عمل سبوتاژ ہونے کا بڑا خطرہ ہے۔ 
مارب تیل سے مالا مال علاقہ ہے۔ یہ یمنی دارالحکومت صنعا سے 120 کلو میٹر کے فاصلے پر مشرق میں واقع ہے۔ خانہ جنگی سے قبل یہاں 4 لاکھ افراد سکونت پذیر تھے۔ 2015 کے بعد یمن کے مختلف علاقوں میں ہونے والی معرکہ آرائیوں کی وجہ  سے مارب کی آبادی 27 لاکھ تک پہنچ گئی۔ مختلف علاقوں میں آباد یمنی حوثیوں کے حملوں سے جان بچانے کے لیے یہاں پناہ لینے کے لیے  پہنچ گئے تھے۔ اب حوثیوں نے اسے اپنے جنگی معرکوں کا ہدف بنالیا ہے۔
 

شیئر: