Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نمازیوں کے کورونا میں مبتلا ہونے پر مزید چھ مساجد بند

اتوار کو 8 مساجد دوبارہ کھولی گئی ہیں۔( فوٹو اخبار 24)
سعودی عرب میں وزارت اسلامی امور نے مملکت کے پانچ علاقوں میں چھ نمازیوں کے کورونا میں مبتلا ہونے پر 6 مساجد عارضی طور پر بند کی ہیں۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق 42 روز کے دوران بند ہونے والی  مساجد کی تعداد 332 تک پہنچ گئی۔ ان میں سے 319 کو سینیٹائزنگ اور حفظان صحت کے انتظامات مکمل ہونے پر بحال کردیا گیا۔
 وزارت اسلامی امور نے اتوار کو بیان میں کہا کہ دو مساجد مدینہ منورہ ریجن میں بند کی گئیں جہاں دو نمازی کورونا میں مبتلا ہوگئے تھے۔
علاوہ ازیں ریاض ریجن، مکہ مکرمہ ریجن، باحہ ریجن اور عسیر ریجن میں ایک، ایک نمازی کے کورونا کے مرض میں مبتلا ہونے پر ایک، ایک مسجد بند کی گئی ہے۔ 
وزارت اسلامی امور نے بیان میں مزید کہا کہ اتوار کو 8 مساجد دوبارہ کھولی گئی ہیں۔ ان میں سے دو کا تعلق ریاض ریجن، ایک کا باحہ، چار کا قصیم اور ایک کا الشرقیہ ریجن سے ہے۔ ان مساجد کو سینیٹائز کیا گیا جبکہ حفظان صحت کے تمام انتظامات بھی مکمل کرلیے گئے تھے۔
وزارت نے تمام نمازیوں اور مساجد کے منتظمین سے پھر اپیل کی ہے کہ وہ تمام نمازیوں کی صحت و سلامتی کا خیال رکھیں۔ کورونا کی علامتیں نظر آنے پر مسجد نہ جائیں اور گھر پر نماز ادا کریں۔
 

شیئر: