Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اپنے دوستوں کو یہ کیسے بتائیں کہ آپ ان سے ناراض ہیں؟

دوستوں کے درمیان اگر کسی وجہ سے ناراضگی پیدا ہو جائے تو ایک دوسرے سے بات چیت جاری رکھنا مشکل ہو جاتا ہے۔ ایک مرتبہ اگر بات چیت تعطل کا شکار ہو جائے تو دوبارہ بحال کرنا ایک مشکل امر ہوتا ہے۔
اس دوران غم وغصے میں بھی اضافہ ہوتا رہتا ہے۔ لیکن دوستی کو برقرار رکھنے کا ایک ہی طریقہ ہے کہ ایک دوسرے کے ساتھ کھل کر بات چیت کی جائے۔
سیدتی میگزین میں شائع ہونے والی تحقیق کے مطابق کچھ نکات کو اپنانے سے تعلق اور دوستی مضبوط ہو سکتی ہے۔
پرسکون رہیں اور جذباتی نہ ہوں
کچھ وقت کے لیے اپنے دوستوں کے ساتھ فاصلہ کر لیں۔ خود کو پر سکون کرنے کے لیے رشتوں میں بھی تھوڑا وقفہ فائدہ مند ثابت ہوتا ہے۔
اپنے دوست کا سامنا کرنے سے پہلے اپنے آپ کو مکمل تیار کریں تاکہ ان کے سامنے کوئی ایسی جذباتی بات نہ ہو جو ناراضگی میں مزید اضافے کا سبب بنے۔
کچھ وقت کےلیے الگ بیٹھ کر سوچیں کہ آپ کو کس بات سے پریشانی ہوئی ہے اور اس کا تعین کریں۔ ایسا کرنے کے لیے آپ اپنے خیالات لکھ بھی سکتے ہیں۔ اپنے جذبات کو ہرزاویے سے دیکھیں کہ آپ جو محسوس کررہے ہیں وہ درست بھی ہے یا نہیں۔
چیٹ میسج  یا ای میل مت کریں
براہ راست ملاقات کبھی بھی میسج یا ای میل کا متبادل نہیں ہو سکتی۔ ناراضگی کی صورتحال میں میسج یا ای میل کے ذریعے آپ دوسرے کے احساسات سے مکمل واقف نہیں ہو سکتے۔ اس لیے ضروری ہے کہ آپ براہ راست ملاقات کا انتظار کریں تاکہ ہر طرح کی بات چیت آمنے سامنے ہو سکے۔
مخلصانہ گفتگو واضح انداز میں کریں
ملاقات کے لیے مناسب جگہ کا انتخاب بھی بہت ضروری ہے۔ ایسی جگہ جہاں آپ کو آرام سے بات کرنے کا موقع بھی ملے اور ساتھ ہی خوشگوار ماحول کا لطف بھی اٹھا سکیں۔

چیٹ میسج کے بجائے دوستوں سے مل کر اختلافات دور کریں۔ فوٹو فری پک

کوئی بھی کم رش والا کیفے یا عوامی پارکس ایسی ملاقات کے لیے بہترین مقامات ہیں، جہاں اپنی پرائیویسی کو برقرار رکھتے ہوئے کھل کر بات چیت ہو سکے۔
ملاقات کے دوران اپنے دوست سے ایمانداری کے ساتھ کھلے انداز میں معقول گفتگو کریں۔ غصے اور ملامت کا انداز اپنانے سے اجتناب کریں۔
اکثر اوقات جب دوسرا فرد آپ کے احساسات کو صحیح معنوں میں سمجھتا ہے تو وہ آسانی سے اس مسئلے کی تہہ تک پہنچ کر خرابی کا تدارک کرتا ہے۔
دوست کو وہ باتیں بتائیں جن سے آپ کو پریشانی لاحق ہوئی ہے اور اس کو باور کروائیں کہ آپ کو اس کی دوستی کی کتنی پرواہ ہے۔
ساتھ ہی خود کو بھی اس پورے معاملے میں قصوروار سمجھیں، صرف دوست کو ہی نہ خرابی کا ذمہ دار ٹھہرائیں۔
اکثر کہانیوں کے دو رخ ہوتے ہیں۔ مسئلے کے مکمل حل ہونے تک بات کرنے کی کوشش کریں اور پھر اس موضوع کو ہمیشہ کے لیےتفریحی چیز میں بدل دیں۔

شیئر: