Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ذہنی دباؤ سے چُھٹکارا دلانے والے پانچ آسان طریقے کون سے ہیں؟

ذہنی دباؤ سے بچنے میں مناسب نیند کا بھی بہت اہم کردار ہے (فوٹو: انسپلیش)
اعصابی یا ذہنی دباؤ آپ کی سوچ سے بھی زیادہ خطرناک ہے۔ یہ آپ کی جسمانی اور ذہنی صحت کو بری طرح متاثر کر سکتا ہے۔
ذہنی دباؤ مختلف وجوہات کی بنا پر ہوتا ہے اور اکثر لوگ اس کے مختلف اثرات کو نظرانداز کر دیتے ہیں جو صحیح بات نہیں ہے۔
این ڈی ٹی وی کی ایک رپورٹ میں ذہنی دباؤ کے حوالے سے ہونے والی ایک تحقیق کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ ذہنی دباؤ زیادہ بڑھ جائے تو آپ کے مدافعتی نظام کے ساتھ ساتھ بلڈ پریشر، دل کی صحت اور متوازن نیند سمیت کئی جسمانی افعال کو متاثر کر سکتا ہے۔
ان کے علاوہ بھی ذہنی دباؤ کے کچھ اثرات ایسے ہیں جو آپ کو حیران کر سکتے ہیں مگر آپ اس کو اپنے طرز زندگی میں سادہ تبدیلیاں لا کر باآسانی کنٹرول کر سکتے ہیں۔
ماہر نفیسات ڈاکٹر سامنت دارشی نے اس حوالے سے پانچ ٹوٹکے بتائے ہیں جن کی مدد سے ذہنی دباؤ پر قابو پایا جا سکتا ہے۔
1 ۔۔۔ معمول سیٹ کریں
زندگی کے کسی بھی میدان کے لیے معمول سیٹ کرنا بہت ضروری ہوتا ہے اور اس کی ضرورت اس وقت اور بھی بڑھ جاتی ہے جب آپ کے اردگرد اشیا غیر یقینی کی کیفیت میں ہوں۔
معاملات کو معمول کے مطابق ترتیب دینے سے غیر محسوس انداز میں رہنمائی ملتی ہے۔ اس سے آپ کے جسم اور ذہن پر دباؤ کم ہوتا ہے اور آپ کی توجہ بہتر انداز میں کام کرتی ہے۔

ورزشن سے جسمانی اور ذہنی صحت پر خوش گوار اثرات مرتب ہوتے ہیں (فوٹو: انسپلیش)

 2 ۔۔۔ صحت مند خوراک
اچھی خوراک کا مطلب یہ نہیں کہ سب کچھ کھایا جائے اور وزن بڑھا لیا جائے۔ سائنس اس معاملے میں بھرپور رہنمائی کرتی ہے کہ آپ کی جسمانی اور ذہنی صحت کے لیے کون سی خوراک مناسب ہے۔
   3 ۔۔۔ اچھی نیند
نیند کے صحت پر خوش گوار اثرات کے لیے ضروری ہے کہ آپ کے سونے اور جاگنے کے لیے طے شدہ سلسلہ بنایا گیا ہو۔ بستر میں جاتے وقت اس کی پابندی کی جائے اور لیٹنے کے بعد کسی اور سرگرمی جیسے لیپ ٹیپ یا فون پر چیٹ کرنے یا گیمز میں مصروف ہونے سے پرہیز کیا جائے۔

اچھی خوراک کا مطلب یہ نہیں کہ سب کچھ کھایا جائے اور وزن بڑھا لیا جائے (فوٹو: انسپلیش)

4 ۔۔۔ جسمانی ورزش
باقاعدگی سے کی جانے والی ورزش ذہنی دباؤ سے بچانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے اور تحقیق سے یہ بات ثابت ہو چکی ہے کہ اس سے ذہنی دباؤ کم ہو جاتا ہے اور نیند بھی بہتر آتی ہے، اس سے جسمانی اور ذہنی صحت پر خوش گوار اثرات مرتب ہوتے ہیں۔
5 ۔۔۔ مناسب آرام
ہر دن میں آرام کے لیے کچھ وقت لازمی نکالیں۔ مراقبے سے جسم میں پیدا ہونے والے دباؤ کے اثرات میں کمی آتی ہے جبکہ یوگا آکسیٹوسین کے لیول کو بڑھاتا ہے جس سے جسم میں ہارمونز بڑھتے ہیں اور اعصابی دباؤ سے بچانے میں مددگار ہے۔

شیئر: