Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ولی عہد کا متعدد رہنماؤں سے رابطہ، گرین اینیشیٹو پر تبادلہ خیال

’ولی عہد نے ابوظبی کے ولی عہد، شاہ اردن، جبوتی اور اریٹریا کے صدور سے رابطہ کیا ہے‘ ( فوٹو: واس)
ولی عہد و وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز نے مشرق وسطیٰ کو سرسبز بنانے اور ماحولیاتی آلودگی سے نمٹنے کے اپنے غیر معمولی منصوبے ’گرین مڈل ایسٹ‘ پر خلیجی، عرب اور خطے کے دیگر ممالک کی قیادت سے ٹیلیفون پر بات چیت کی ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق  انہوں ‌نے امارات، اردن، جبوتی اور اریٹریا کے رہنماؤں کو اپنے اس منصوبے کے اغراض و مقاصد کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کیا ہے۔
رہنماؤں نے بھی ولی عہد کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے اس میں بھر پور تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔
ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز نے ابوظبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زاید سے ’سرسبز مشرق وسطی‘ اقدام کے حوالے سے بات چیت کی ہے۔
ولی عہد کے اس منصوبے کے تحت آنے والے چند برسوں کے دوران مشرق وسطیٰ میں 50 ارب درخت لگائے جائیں گے۔ معاصر تاریخ میں یہ سب سے بڑی شجری کاری مہم ہے۔ منصوبے کے تحت تیل کی پیداوار کے ساتھ ساتھ متبادل توانائی کے منصوبوں، آبی اور ساحلی ماحول کے تحفظ اور فطری حیات کے لیے محفوظ قرار دیے گئے مقامات کے تحفظ کا عزم کیا گیا ہے۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی بات چیت میں خطے اور پوری دنیا کو درپیش ماحولیاتی چیلنجز اور ان سے نمٹنے کے لیے عرب ممالک کی سطح پر اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

 مشرق وسطیٰ میں 50 ارب درخت لگائے جائیں گے، یہ تاریخ کی سب سے بڑی شجری کاری مہم ہے ( فوٹو: واس)

اسی طرح ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے اردن کے فرمانرا شاہ عبد اللہ دوم ابن الحسین سے بھی ’سرسبز مشرق وسطی اقدام‘ کے حوالے سے رابطہ کیا ہے۔
شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز نے مشرق وسطیٰ اقدام کے حوالے سے جبوتی کے صدر اسماعیل عمر جیلہ اور اریٹریا کے صدر اسیاس افورقی سے بھی ٹیلیفون پر بات چیت کی ہے۔
واضح  رہے کہ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے ہفتے کے روز ماحولیاتی آلودگی کے عالمی مسئلے سے نمٹنے کے لیے سعودی سبز اقدام اور مشرق اوسط سبز اقدام کا اعلان کیا ہے۔
انھوں نے کہا ہے کہ ’دنیا میں تیل کے سب سے بڑے پیدا کنندہ ملک کی حیثیت سے ہم موسمیاتی بحران کے خلاف جنگ میں اپنی ذمہ داریوں سے مکمل طور پرآگاہ ہیں۔ تیل اور گیس کے دور میں ہم نے توانائی مارکیٹوں کے استحکام میں بنیادی کردارادا کیا ہے۔ ہم آئندہ گرین دور میں بھی اپنا قائدانہ کردار ادا کرتے رہیں گے‘۔

شیئر: