Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’میرا بیٹا، میری گاڑی اور میری مرضی‘

علی امین گنڈاپور کا کہنا ہے کہ ’ڈرائیونگ قوانین کا اطلاق نجی زمین پر نہیں ہوتا‘ (فوٹو: پی آئی ڈی)
آج کے دور میں آپ کی سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی کوئی بھی چیز بعد میں آپ کے لیے وبال جان بن سکتی ہے۔ ایسا ہی کچھ ہوا وزیر امور کشمیر اور گلگت بلتستان علی امین گنڈاپور کے ساتھ، جب ان کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی جس میں ان کا کم سن بیٹا گاڑی چلا رہا تھا اور وہ ساتھ بیٹھے ویڈیو بنا رہے تھے۔
قانون کی نظر میں 18 سال سے کم عمر کسی بھی شخص کا ڈرائیونگ کرنا جرم ہے۔ اس حوالے سے جب صحافی منصور علی خان نے بچے کی گاڑی چلانے کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’علی امین گنڈاپور ایک بچے کو گاڑی چلوا رہے ہیں۔ پریشان نہ ہوں، ابھی ہمارے انصافی بھائی اس کی بھی کرامات بیان کریں گے۔‘
لیکن وفاقی وزیر اس ٹویٹ پر کچھ خفا ہی ہو گئے اور منصور علی خان کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’پہلی بات تو یہ کہ ٹریفک قوانین کا نفاذ سڑک، ہائی وے اور موٹروے پر ہوتا ہے تو کسی قانون کی خلاف ورزی نہیں ہوئی، اپنی معلومات کو ٹھیک کریں۔‘
علی امین گنڈاپور نے منصور علی خان سمیت تنقید کرنے والے دیگر افراد کو اپنے کام سے کام رکھنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ ’دوسری بات یہ کہ یہ میری اپنی زمین، میری اپنی گاڑی اور میرا اپنا بیٹا ہے۔ منصور علی خان اور دوسرے منفی تبصرے کرنے والے لوگ بڑے ہو جائیں اور اپنے کام سے کام رکھیں۔‘

وفاقی وزیر علی امین گنڈاپور کے اس جواب کو جہاں کافی لوگوں نے تنقید کا نشانہ بنایا وہی کچھ صارفین نے اس کا دفاع بھی کیا۔
سلیکٹر نامی صارف نے کہا کہ ’اس حوالے سے بحث ہو سکتی ہے کہ یہ محفوظ ہے کہ نہیں لیکن قانونی طور پر گنڈاپور صاحب ٹھیک کہہ رہے ہیں۔ ڈرائیونگ کے حوالے سے قوانین کا نجی زمین ہر اطلاق نہیں ہوتا۔‘

ٹوئٹر صارف جویریہ صدیق نے علی امین گںڈاپور کو بطور والد ان کی ذمہ داری یاد دلاتے ہوئے کہا کہ ’کیا آپ کے بیٹے کے پاس ڈرائیونگ لائسنس ہے؟ وہ بچہ ہے اور اس کی حفاظت پہلے آتی ہے اور بطور والد یہ آپ کی ذمہ داری ہے۔‘

تحریک انصاف کے حامیوں کو بھی علی امین گنڈاپور کا جواب پسند نہ آیا اور طارق الرحمان نے ٹویٹ کی کہ ’میں پی ٹی آئی کا حامی ہوں اور میں اپنے کم عمر بچے کو اپنی نجی زمین پر گاڑی چلانے کی اجازت نہیں دوں گا۔ اہلیت کا کچھ احساس کریں۔ بچہ بلند تر اور قانون سے بالاتر محسوس ہوتا ہے۔ جناب آپ وزیر ہیں۔ آپ اس کی کیسے اجازت دے سکتے ہیں؟‘

ایک صارف نے وفاقی وزیر کی اہلیت پر ہی سوال اٹھاتے ہوئے لکھا کہ ’سر تصور کریں کہ گنڈاپور اپنی وزارت کیسے چلاتے ہوں گے۔ وزرا کی اکثریت کا یہ ہی حال ہے۔ یہ عمران خان کی مکمل ناکامی ہے۔‘

علی امین گنڈاپور کی منصور علی خان کے ساتھ اس نوک جھونک میں ایک اور صحافی احمد ولید بھی کود پڑے اور وفاقی وزیر کے جواب کو طنز کا نشانہ بناتے ہوئے لکھا کہ ’میرا بیٹا، میری گاڑی، میری زمین، میری سڑک اور میری مرضی۔‘

 

شیئر: