Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امارات: اسٹارٹ حالت میں گاڑی چھوڑنے پر 500 درہم جرمانہ ہوگا

گاڑی اسٹارٹ چھوڑنے سے چوری کا امکان بڑھ جاتا ہے(فوٹو، ٹوئٹر)
ابوظبی میں گاڑی اسٹارٹ حالت میں چھوڑنے پر 500 درھم جرمانہ کیاجائے گا۔ ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ قانون کی شق نمبر 70 کے تحت گاڑی کو پارک کرنے کے بعد اسے اسٹارٹ حالت میں چھوڑنا خلاف ورزی ہے۔
اماراتی جریدے ’امارات ٹوڈے ‘ کے مطابق ابوظبی ٹریفک پولیس نے گاڑی کے مالکان کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ معمولی نوعیت کے کام کے لیے بھی جاتے وقت گاڑی کو اسٹارٹ حالت میں نہ چھوڑا جائے۔
بعض لوگ دکان سے کچھ خریدنے یا اے ٹی ایم سے رقم نکالنے کے لیے جاتے ہیں اور گاڑی کو اسٹارٹ حالت میں رہنے دیتے ہیں جس سے اس کے چوری ہونے کا امکان بڑھ جاتا ہے۔
ٹریفک پولیس کی جانب سے اس حوالے سے ڈرائیوروں کو سختی سے ہدایت کی گئی ہے کہ قوانین پرعمل کرتے ہوئے گاڑی پارک کرنے کے بعد اسے اسٹارٹ حالت میں نہ چھوڑا جائے خاص کر جب گاڑی میں چھوٹے بچے تنہا بیٹھے ہوں۔
پولیس کا مزید کہنا تھا کہ گاڑی کو غیر مناسب مقام پرپارک کرنا بھی قانون شکنی کے زمرے میں آتا ہے جس پر قانون کی شق نمبر4 کے تحت چالان کیاجاتا ہے۔
واضح رہے گاڑی چوری ہونے کی بیشتر وارداتوں کا جائزہ لینے پر یہ بات سامنے آئی کہ گاڑی کے مالکان کریانہ اسٹور سے کوئی چیز خریدنے کے لیے جاتے ہیں تو گاڑی کو اسٹارٹ حالت میں رہنے دیتے ہیں اوراسے لاک بھی نہیں کرتے جو کارچوروں کےلیے موقعہ فراہم کرنے کے مترادف ہوتا ہے۔

شیئر: