Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’19 اپریل سے نویں تا بارہویں کلاسز بحال‘

وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا کہ اے اور او لیول کے امتحانات ڈیٹ شیت کے مطابق ہوں گے (فوٹو: پی آئی ڈی)
پاکستان میں 19 اپریل سے نویں سے بارہویں جماعت تک کلاسیں بحال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ کورونا وائرس سے متاثرہ اضلاع میں پہلی سےآٹھویں جماعت تک کلاسیں 28 اپریل تک نہیں ہوں گی۔
منگل کو وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ این سی او سی کے اجلاس میں مشاورت کے بعد فیصلہ کیا گیا ہے کہ کورونا سے متاثرہ اضلاع میں 28 اپریل تک پہلی سے آٹھویں جماعت تک کلاسیں نہیں ہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ 19 اپریل سے نویں سے بارہویں جماعت تک سخت ایس او پیز کے ساتھ کلاسیں بحال ہوں گی اور امتحانات بھی ہوں گے۔ 
وزیر تعلیم شفقت محمود نے این سی او سی کے فیصلوں سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ’اے اور او لیول کے امتحانات مکمل ایس او پیز کے ساتھ مقررہ تاریخ کے مطابق ہوں گے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’اے لیول، او لیول کے بچے 50 ہزار ہیں۔ متفقہ طور پر وزرا نے کہا کہ یہ امتحانات جاری رہنے چاہییں۔ ایس او پیز پر عمل کرتے ہوئے امتحانات ہوں گے۔‘
شفقت محمود نے یہ بھی کہا کہ ’ہمارے مد نظر بچوں کا مستقبل ہے۔ 28 اپریل کو تعلیمی اداروں سے متعلق دوبارہ مشاورت کی جائے گی۔‘
دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن کی جانب سے جاری کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے 103 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

وزیر تعلیم شفقت محمود نے بتایا کہ کورونا وائرس سے متاثرہ اضلاع میں پہلی سےآٹھویں جماعت تک کلاسیں 28 اپریل تک نہیں ہوں گی (فوٹو: اے ایف پی)

یاد رہے کہ پنجاب کے مخصوص اضلاع میں 11 اپریل تک تمام تعلیمی ادارے بند ہیں۔ پہلے امتحانات دینے کی اجازت دی گئی تھی تاہم کورونا کی شدت میں تیزی کے بعد یہ فیصلہ بھی بدل دیا گیا۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں شیڈول امتحانات لینے کی اجازت دی گئی تاہم 24 مارچ کے بعد ہونے والے امتحانات یہاں تک کہ بقیہ پرچے بھی ملتوی کر دیے گئے۔ 
سندھ حکومت کی جانب سے کراچی سمیت صوبے بھر میں پہلی سے آٹھویں جماعت تک سکولوں کو 15 روز کے لیے بند کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ فیصلے کا اطلاق سرکاری اور نجی سکولوں پر ہوگا۔
اس دوران آن کیمپس کلاسز معطل رہیں گی۔ بچوں کی تعلیم کو آن لائن، ہوم ورک اور دیگر ذرائع سے جاری رکھا جا سکتا ہے۔
اس سے قبل بروز ہفتہ 3 اپریل کو صوبائی وزیر تعلیم سندھ سعید غنی کی جانب سے ہونے والے محکمہ تعلیم کی سٹیئرنگ کمیٹی میں رمضان سے متعلق نیا ٹائم ٹیبل جاری کیا گیا۔

جمعہ والے روز صبح کی شفٹ والے سکولوں کے اوقات 7:30 سے صبح 10:30 بجے اور دوپہر کی شفٹ 10:45 سے دوپہر 1:15 تک ہوگی۔ فائل فوٹو: اے ایف پی

فیصلے کے مطابق صبح کی شفٹ والے سکول 7:30 سے 11:30 تک ہوں گے جبکہ دوسری شفٹ 11:45 سے 02:45 تک ہوا کرے گی۔
جمعے کے روز صبح کی شفٹ والے سکولوں کے اوقات 7:30 سے صبح 10:30 بجے اور دوپہر کی شفٹ 10:45 سے دوپہر 1:15 تک ہوگی۔
خیبرپختونخوا حکومت نے کورونا وائرس کے کیسز میں اضافے کے باعث صوبے کے چھ اضلاع میں تعلیمی ادارے 11 اپریل تک بند کر رکھے ہیں۔ 
دوسری جانب بلوچستان میں تمام تعلیمی ادارے کھلے رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔ محکمہ تعلیم اور محکمہ صحت بلوچستان نے صوبے میں تعلیمی ادارے بند نہ کرنے پر متفق فیصلہ کیا ہے۔ 
پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن کی جانب سے سکولوں کی بندش کے فیصلے کے خلاف احتجاج کیا جا رہا ہے۔ ایسوسی ایشن کا موقف ہے کہ جب باقی سیکٹرز کھولے رکھے ہیں تو سکول بند کر کے طلبا کا تعلیمی نقصان کیوں کیا جا رہا ہے۔ 

شیئر: