Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حسن علی کے گھر بیٹی کی پیدائش ’اسی خوشی میں پاکستان کو جتوا دو‘

حسن علی کی انڈین نژاد سمیہ سے شادی اگست 2019 میں ہوئی تھی (فوٹو: حسن علی)
پاکستانی کرکٹر حسن علی اور ان کی انڈین نژاد اہلیہ سامعہ حسن علی کے ہاں بیٹی کی پیدائش ہوئی اور انہوں نے یہ خبر سوشل میڈیا پر شیئر کی تو صارفین جہاں جوڑے اور ان کی بیٹی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے رہے وہیں اسے حسن علی کے لیے مزید کامیابیوں سے تعبیر کیا گیا۔
بیٹی کی پیدائش کی اطلاع دیتے ہوئے حسن علی نے جہاں ’اپنی شہزادی کو اپنے خاندان میں خوش آمدید کہا‘ وہاں مزید لکھا کہ الحمدﷲ! ﷲ نے ہمیں بیٹی سے نوازا ہے۔ میری شہزادی ہمارے خاندان میں خوش آمدید۔ میری خواہش ہے کہ اس ننھے فرشتے کے خوبصورت خواب ہوں اورﷲ پاک ہمیشہ اس کے خواب پورا کرنے میں اس کا ساتھ دیں۔ آمین
اپنے پیغام کے ساتھ حسن علی نے درخواست کی کہ انہیں دعاؤں میں یاد رکھا جائے۔

حسن علی کی ٹویٹ کے بعد ان کے ساتھی کھلاڑیوں سمیت کرکٹ شائقین اور دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے انہیں مبارکباد دی اوران کی بیٹی کے مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ ٹوئٹر صارف رفیق احمد نے لکھا ماشاءاللہ۔۔۔ مبارک ہو اللہ پاک نصیب اچھے کرے۔۔۔ بلند بخت حسن علی کی پرنسسز۔

مداحوں نے حسن علی کی بیٹی کی پیدائش کو خوش قسمتی کی علامت کہا ، صارف نوید تبسم نے لکھا کہ انشاءاللہ آپ اسی خوشی میں کل چار وکٹیں لیں گے میری دعا آپ کے ساتھ ہے بے شک آزما لینا کل چار وکٹیں آپ کی پکی ہیں

پاکستان کی خواتین کرکٹ ٹیم کی کپتان بسمہ معروف نے حسن علی کو بیٹی کی پیدائش کی مبارکباد دی تو والدہ اور صاحبزادی کے لیے دعائیہ کلمات بھی کہے۔

حسن علی کے سسرال انڈیا سے تعلق رکھنے والے متعدد صارفین نے بھی جوڑے کو بیٹی کی پیدائش پر مبارکباد دی تو مستقبل میں ان کے لیے مزید کامیابیوں کی تمناؤں کا اظہار کیا گیا۔
ساجد شگری نامی ایک پاکستانی ٹویپ نے حسن علی کی اہلیہ کے میکے والوں کو بھی مبارکباد میں شریک کیا تو لکھا ’مبارک ہو انڈینز آپ پھر سے ماموں بن گئے‘۔

اس سے قبل پاکستانی کرکٹر شعیب ملک اور ان کی انڈین نژاد اہلیہ ثانیہ مرزا کے ہاں بچے کی پیدائش ہوئی تھی جس پر پاکستانی و انڈین صارفین جوڑے کے ساتھ ساتھ ایک دوسرے کو بھی مبارکباد دیتے رہے تھے۔
کرکٹر حسن علی کے مداح جہاں انہیں مبارکباد دیتے نظر آئے وہی انہوں نے ان کی بیٹی کی پیدائش کو ان کے لئے مزید کامیابیوں کی امید قرار دیا اور لکھا کہ اللہ پاک اس بچے کی وجہ سے آپ کو مزید کامیابیاں عطا کریں۔
قومی کرکٹ ٹیم کے ساتھ دورہ جنوبی افریقہ پر موجود حسن علی ٹیم کے ساتھ کل سات مارچ کو میزبان سائیڈ کے خلاف تیسرا ایک روزہ میچ کھیلیں گے۔ اب تک کھیلے گئے دو میچوں میں سے ایک پاکستان کے نام رہا جب کہ دوسرے میں فخر زمان کی 193 رنز کی شانداز اننگز کے باوجود کامیابی پروٹیز کے نام رہی تھی۔
شائقین کرکٹ نے حسن علی کے ہاں بیٹی کی پیدائش کو مبارک موقع کہا تو اپنے پسندیدہ کھلاڑی سے توقع کی کہ وہ کل کے میچ میں ٹیم کو کامیابی دلوائیں گے۔

پاکستانی فاسٹ بولر حسن علی اگست 2020 میں  ہندوستان سے تعلق رکھنے والی سامعہ آرزو سے رشتہ ازداوج میں منسلک ہوئے تھے۔ جوڑے کی شادی کی مختصر تقریب دبئی کے ایک ہوٹل میں ہوئی تھی جہاں دونوں کے قریبی افراد اس خوشی کے موقع پر ان کے ساتھ تھے۔

شیئر: