Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریستورانوں اور تجارتی مراکز میں کئی پیشے سعودیوں کے لیے مختص

لیبر مارکیٹ میں تین پیشے سعودیوں کے لیے مخصوص کیے گئے ہیں ( فوٹو: سبق)  
سعودی عرب میں وزیر افرادی قوت و سماجی بہبود انجینیئر احمد الراجحی نے تین اہم فیصلے جاری کیے ہیں۔ لیبر مارکیٹ میں تین پیشے سعودیوں کے لیے مخصوص کر دیے گئے ہیں۔  
العربیہ نیٹ کے مطابق الراجحی نے پہلا فیصلہ جاری کرکے انڈور شاپنگ سینٹرز کے تمام پیشے سعودیوں کے لیے مخصوص کیے ہیں۔ اس سے بعض سرگرمیوں اور پیشوں کو استثنیٰ بھی دیا ہے۔
دوسرا فیصلہ ریستورانوں اور قہوہ خانوں کے بارے میں ہے۔ اس کے تحت ان تمام مقامات پر سعودائزیشن کی شرح میں اضافہ کیا گیا ہے۔
تیسرے فیصلے میں غذائی اشیا فروخت کرنے والے بڑے مراکز میں سعودائزیشن کی شرح بڑھا دی گئی ہے۔ 
ماہرین نے توقع ظاہر کی ہے کہ ان تینوں فیصلوں کی بدولت سعودی نوجوانو ں کو 51 ہزار ملازمتیں ملیں گی۔
وزارت افرادی قوت کی جانب سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ ’ان تینوں فیصلوں پر کاروباری مراکز سے عمل درآمد کرایا جائے گا۔ خلاف ورزی کرنے والے تجارتی مراکز کو سزاؤں کا سامنا کرنا پڑے گا۔‘ 
وزارت افرادی قوت نے بیان میں یہ بھی کہا ہے کہ ’تینوں فیصلوں پر عمل درآمد کے طریقہ کار کی تفصیلات ویب سائٹ پر جاری کردی گئی ہیں۔‘
سعودائزیشن کے حوالے سے وزارت افرادی قوت کے نئے فیصلے کمرشل کمپلیکسز، ریستورانوں، قہوہ خانوں، غذائی اشیا کے مراکز اور سینٹرل مارکیٹوں پر لاگو ہوں گے۔ 
ان فیصلوں کی بدولت ثانوی سکول پاس اور مڈل سکول پاس نوجوانوں کو روزگار دلایا جائے گا جبکہ مقامی شہریوں کو غذائی خدمات کے کلیدی عہدوں کے لیے تیار کیا جائے گا۔

فیصلوں کی بدولت سعودی نوجوانو ں کو 51 ہزار ملازمتیں ملیں گی (فوٹو: ٹوئٹر)

ان فیصلوں کا ایک اہم ہدف سعودیوں کے نام سے غیرملکیوں کے کاروبار کا دائرہ محدود کرنا اور متعدد اہم شعبوں میں ترقی کی شرح کو بڑھانا ہے۔
وزارت افرادی قوت کے ان تینوں فیصلوں سے مقامی شہریوں کو تین فائدے ہوں گے- پائیدار قسم کی ملازمتیں ملیں گی- روزگار کی تربیت اور استعداد پیدا ہوگی- ملازمت کے حوالے سے استعداد بڑھے گی- 
نئے فیصلوں کے تحت ریستوران، قہوہ خانے، شو روم، انڈور سیلز اور مارکیٹنگ ڈائریکٹرز سعودی ہوں گے۔  معاون کمرشل ڈائریکٹر سعودی ہوں گے۔ کسٹمر سروس کا مینجر سعودی ہوگا۔ ریٹیل سیلز کا انچارج اور اکاؤنٹ فنڈز کے انچارج بھی سعودی ہی تعینات ہوں گے۔ 

شیئر: