Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

7 علاقوں میں 17 نمازیوں کی وجہ سے 17 مساجد بند

ریاض میں 6 نمازیوں کے باعث مساجد عارضی طور پر بند ہوئیں- (فوٹو اخبار 24)
سعودی عرب میں وزارت اسلامی امور و دعوت و رہنمائی نے مملکت کے 7 علاقوں میں 17 نمازیوں کے کورونا وائرس میں مبتلا پائے جانے پر 17 مساجد عارضی طور پر بند کردیں-
اخبار 24 کے مطابق وزارت اسلامی امور نے بیان جاری کرکے کہا کہ گزشتہ 60 روز کے دوران  519 مساجد بند کی جاچکی ہیں جبکہ سینیٹائزنگ اور حفظان صحت کے انتظامات مکمل ہونے پر ان میں سے  490 بحال کردی گئیں-
سبق ویب سائٹ کے  مطابق جمعرات کو بند کی جانے والی مساجد میں سے چھ کا تعلق ریاض، چار کا مکہ مکرمہ، دو، دو کا تعلق قصیم اور تبوک اور ایک، ایک کا تعلق الشرقیہ، نجران اور باحہ سے ہے- ریاض میں 6 نمازی، مکہ ریجن میں 4، قصیم اور تبوک میں دو، دو جبکہ الشرقیہ، نجران اور باحہ میں ایک، ایک نمازی کورونا کا شکار ہوگیا تھا-
وزارت نے توجہ دلائی کہ جمعرات کو 15 مساجد بحال کی گئیں ان میں سے 5 کا تعلق قصیم، تین، تین کا ریاض اور الشرقیہ، دو کا تعلق مدینہ منورہ ، ایک کا مکہ مکرمہ اور ایک کا الجوف سے ہے-
واضح رہے کہ وزارت اسلامی امور نے بدھ کو بارہ نمازیوں کے کورونا وائرس میں مبتلا ہونے پر 5 علاقوں کی بارہ مساجد بند کرنے کی اطلاع دی تھی-
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں
 

شیئر: