Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا کیسز کے باعث مزید بارہ مساجد عارضی طور پر بند

مساجد کی بندش کا فیصلہ نمازیوں کی صحت و سلامتی کے لیے کیا جارہا ہے۔ ( فوٹو العربیہ)
سعودی وزارت اسلامی امور و دعوت و رہنمائی نے 28 نمازیوں کے  کورونا وائرس میں مبتلا پائے جانے پر ملک کے متعدد علاقوں میں منگل کو مزید بارہ مساجد عارضی طور پر بند کرائی ہیں۔ دو روز کے دوران بند کی جانے والی مساجد کی تعاد 22 تک پہنچ گئی۔ 
سبق ویب سائٹ کے مطابق وزارت اسلامی امور نے بتایا ہے کہ گزشتہ روز بند کی جانے والی مساجد میں سے چھ سینیٹائزنگ کے بعد کھول دی گئیں۔
مساجد کی بندش کا فیصلہ نمازیوں کی صحت و سلامتی کو یقینی بنائے جانے کی خاطر کیا جارہا ہے۔ 
وزارت اسلامی امور نے بیان میں کہا کہ 9 فروری 2021 کو ریاض میں 8 مساجد بند کی گئیں۔ یہ مساجد دارالحکومت کے طویق ، القصر، العریجا اور قرطبہ محلوں میں واقع تھیں۔
حریملا کمشنری میں دو، الدلم  اور وادی الدواسر میں ایک، ایک جبکہ مشرقی ریجن کے شہر بقیق میں ایک، عسیر ریجن کی کمشنری تثلیث میں ایک اور الجوف ریجن کے سکاکا شہر میں دو مساجد بند کی گئیں۔ بندش کا فیصلہ نمازیوں میں کورونا وائرس ریکارڈ پر آنے کے بعد کیا گیا۔ 
وزارت اسلامی امور نے توجہ دلائی کہ سینیٹائزنگ اور حفاظتی تدابیر مکمل کرنے پر بند مساجد کھول دی جائیں گی۔ وزارت نے سپیشلسٹ نیشنل کمپنیوں کو مساجد کی سینیٹائزنگ کا ٹھیکہ دیا ہوا ہے۔
وزارت نے نمازیوں کو  پھر تاکید کی کہ وہ مقررہ حفاظتی تدابیر کی پابندی کریں۔ خاص طور پر حفاظتی ماسک کا استعمال کریں۔ جا نماز ہمراہ لائیں اور وبا سے بچنے کے لیے سماجی فاصلہ قائم رکھیں۔

شیئر: