Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اطالوی گلوکار کا العلا کے تاریخی تھیٹر میں کنسرٹ

کنسرٹ میں کورونا ایس او پیز کے باعث تین سو افراد شریک ہوئے۔  ( فوٹو عرب نیوز)
اوپیرا کے بین الاقوامی اطالوی گلوکارآندرے بوتشیلی نے العلا کے تاریخی مقام الحجر میں واقع تھیٹر میں کنسرٹ کیا  ہے۔
یہ وہ تھیٹر ہے جسے نبطیوں نے تین ہزار برس قبل سلطنت دادان میں تعمیر کیا تھا۔ اطالوی گلوکار نے کنسرٹ میں رنگ جمادیا۔ 
العربیہ نیٹ کے مطابق الحجر سعودی عرب کا پہلا مقام ہے جسے یونیسکو نے عالمی ورثے کی اپنی فہرست میں شامل کیا ہے۔ 
 کنسرٹ کا انعقاد سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی جانب سے العلا کے ڈیزائن کا تصور جاری کرنے کے بعد ہوا ہے۔ سعودی حکومت العلا کو آرٹ، تاریخی ورثےِ، کلچر اور قدرتی ماحول کا بین الاقوامی مرکز بنانا چاہتی ہے۔ 
یاد رہے کہ آندرے بوتشیلی اس سے قبل تاریخی علاقے سے متصل علاقے المرایا تھیٹر میں العلا میں دو کنسرٹ کرچکے ہیں۔ 
اطالوی گلوکار کے کنسرٹ میں کورونا ایس او پیز کے پیش نظر صرف تین سو افراد شریک ہوئے۔  
نابینا اطالوی گلوکار کا ساتھ ان کی میوزک ٹیم نے دیا، یہ پروگرام تاریخی مقامات، پہاڑوں اور مدہم روشنی کے ماحول میں کھلے میدان میں ہوا ہے۔ 
بوتشیلی نے اپنی 9 سالہ بیٹی ورجینیا کے ساتھ گانا گا کر شائقین کی توجہ مرکوز کرلی۔ یہ پہلا کنسرٹ ہے کہ جس میں آندرے نے اپنے بیٹے میتھیو اور بیٹی ورجینیا کے ہمراہ پروگرام کیا۔

آندرے بوتشیلی اس سے قبل العلا میں دو کنسرٹ کرچکے ہیں۔ (فوٹو العربیہ)

بوتشیلی فیملی جو گلوکاری اور میوزک سمیت متعدد فنون کی ماہر ہے شروع سے لے کر آخر تک کنسرٹ پر چھائی رہی۔
بوتشیلی نے اپنے مشہور اور پرانے گانوں کے ساتھ البم سے بھی گانے پیش کیے۔ ایم بی سی چینل پر لاکھوں پرستاروں نے انہیں مشرق وسطی اور شمالی افریقہ میں براہ راست دیکھا اور سنا جبکہ یوٹیوب پر بوتشیلی چینل سے بھی لاکھوں لوگوں نے پروگرام سے لطف اٹھایا۔
یاد رہے کہ العلا کا تاریخی مقام الحجرایک صدی قبل مسیح کے دوران سلطنت نبطی کا تیار کردہ شہر ہے۔ یہ قدیم صحرائی شہر مانا جاتا ہے۔ یہاں ریتیلے پتھر کے پہاڑوں میں تراشی ہوئی ہزاروں قبریں ہیں۔ کم ازکم سو قبریں چٹانوں کو تراش کر تیار کی گئی ہیں۔

شیئر: