Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مملکت میں کہیں بارش اور کہیں گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان

متعدد علاقوں میں درجہ حرارت بڑھ جانے کا بھی امکان ہے( فوٹو عاجل)
سعودی موسمیات کے قومی مرکز نے کہا  ہے کہ سنیچر کو سعودی عرب کے کئی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ متعدد علاقوں میں درجہ حرارت بڑھ جائے گا۔ 
اخبار 24 کے مطابق قومی مرکز نے سنیچر سے متعلق موسمی تبدیلیوں کے حوالے سے پیشگوئی میں بتایا کہ تین علاقوں ریاض، قصیم اور الشرقیہ میں گرد آلود تیز ہوائیں چلیں گی حد نظر محدود ہوجائے گی جبکہ ان تینوں علاقوں میں انتہائی درجہ حرارت بڑھا ہوا ہوگا۔
قومی مرکز کا کہنا ہے کہ تبوک، الجوف اور حدود شمالیہ میں تیز گرد آلود ہوائیں چلیں گی البتہ ان علاقوں میں درجہ  حرارت کم رہے گا جبکہ حائل، مدینہ منورہ اور مکہ مکرمہ کے علاقے بھی گرد آلود  ہواؤں سے متاثر ہوں گے۔
قومی مرکز نے توقع ظاہر کی ہے کہ سنیچر کو عسیر، جازان اور نجران کے بالائی مقامات پر گرج چمک کے ساتھ  بارش ہوگی۔ بعض مقامات پر مطلع ابر آلود رہے گا۔ یہی حال مملکت کے وسطی اور شمال مشرقی علاقوں کا بھی ہوگا۔ 
قومی مرکز کا کہنا ہے کہ سنیچر کو سب سے زیادہ  درجہ حرارت 39 سینٹی گریڈ الاحسا میں ہوگا اور سب سے کم درجہ حرارت 8 سینٹی گریڈ طریف میں رہے گا۔

شیئر: