Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نیب مریم نواز کی گرفتاری سے 10 دن پہلے آگاہ کرے: لاہور ہائی کورٹ

عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا ’ نیب مجھے لانگ مارچ کے دن گرفتار کرنا چاہتا تھا (فوٹو: اے ایف پی)
لاہور ہائی کورٹ نے قومی احستاب بیورو کو ہدایت کی ہے کہ وہ مریم نواز کی گرفتاری سے دس روز قبل انہیں آگاہ کرے۔
پیر کو مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز اپنی عبوری ضمانت کے کیس میں لاہور ہائی کورٹ پیش ہوئیں تو ان کے وکلا نے اپنے دلائل میں کہا کہ ’حکومت کے دباؤ پر نیب مریم نواز کو گرفتار کرنا چاہتا ہے اور حکومت کے اشارے پر سیاسی مخالفین کو ٹارگٹ کیا جارہا ہے۔‘
وکلا نے موقف اپنایا کہ مریم نواز کے خلاف نیب نے 15 سو کنال اراضی سے متعلق انکوائری شروع کر رکھی ہے وہ پیش ہو کر شامل تفتیش ہونا چاہتی ہیں لیکن انہیں خدشہ ہے کہ نیب انہیں گرفتار کر لے گا کیونکہ مریم نواز کے باہر رہنے سے عمران خان کی حکومت کو خطرہ ہے۔‘ 
سماعت کے دوران نیب کے وکلا نے کہا کہ مریم نواز کی گرفتاری کے وارنٹ جاری نہیں کیے گئے اس لیے انہیں گرفتار کرنا بعید القیاس ہے جس پر عدالت نے کیس نمٹاتے ہوئے نیب کو احکامات جاری کیے کہ کسی بھی طرح کی گرفتاری سے قبل مریم نواز کو دس روز قبل آگاہ کیا جائے۔  
عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا ’ نیب ایک پولیٹیکل انجینیئرنگ کا ادارہ ہے اور یہ مجھے لانگ مارچ کے دن گرفتار کرنا چاہتے تھے۔ ان کی طاقت اور حکومت ختم ہو رہی ہے۔ ‘ 
انہوں نے ڈسکہ انتخابات کے حوالے سے کہا کہ’ڈسکہ کے عوام کو مبارک اور شاباش دینا چاہتی ہوں جنہوں نے اپنے ووٹ پر پہرہ دیا۔ عوام نے آٹا اور چینی چوروں کا احتساب کر دیا۔ ڈسکہ الیکشن تبدیلی کا پیش خیمہ ہے۔ عوام نے جعلی حکومت اور اس کی مشنری کا مقابلہ کیا۔ یہ ڈسکہ الیکشن میں دو بار رسوا ہوئے۔‘

مریم نواز نے کہا کہ ’پی ڈیم ایم قائم ہے اور جن جماعتوں کو شوکاز نوٹس بھیجے گئے وہ مسلم لیگ ن نے نہیں بلکہ پی ڈی ایم نے متفقہ طور پر بھیجے ہیں‘ (فوٹو: اے ایف پی)

مریم نواز نے اپنی گفتگو میں اسٹیبلشمنٹ کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ’مسلم لیگ ن کو پانچ سال لگا کر توڑنے کی کوشش کی گئی۔ اسٹیبلیشمنٹ سمیت دیگر ریاستی ادارے بھی اس میں ملوث تھے۔ ہماری پارٹی اب پہلے سے بھی مضبوط بن کر سامنے آئی ہے۔ ان کے اراکین اب دوسرے ٹھکانے ڈھونڈ رہے ہیں۔ ‘ 
جہانگیر ترین کے معاملے پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’جب تک ان کے جہاز اور خرچے پر عیاشیاں چلتی تھیں تب نہ وہ چور تھے نہ فراڈیے۔ میرا جہانگیر ترین کو پیغام ہے کہ جس پر احسان کرو اس کے شر سے بچو۔‘ 
مریم نواز نے کہا کہ ’پی ڈیم ایم قائم ہے اور جن جماعتوں کو شوکاز نوٹس بھیجے گئے وہ مسلم لیگ ن نے نہیں بلکہ پی ڈی ایم نے متفقہ طور پر بھیجے ہیں۔ بلاول بھٹو کے بارے میں میں اپنے خیالات کا پہلے بھی اظہار کر چکی ہوں۔‘
خیال رہے کہ مریم نواز گزشتہ ایک ہفتے سے علیل تھیں اور انہوں نے پارٹی سرگرمیاں معطل کر رکھی ہیں تاہم وہ اپنی عبوری ضمانت میں توسیع کے لیے لاہور ہائی کورٹ پیش ہوئیں۔

شیئر: