Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امارات میں ’100 ملین کھانے‘ کی مہم کا آغاز

 دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد آل مکتوم نے مہم کا آغاز کیا ہے ( فوٹو امارات الیوم)
 دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد آل مکتوم نے رمضان کے دوران 20 ممالک میں ضرورتمند افراد کو کھانے کے پارسل مہیا کرنے کے لیے’100 ملین کھانے‘ کی مہم کا آغاز کیا ہے۔
امارات کی خبر رساں ایجنسی’وام‘ کے مطابق یہ مہم گزشتہ سال’10 ملین کھانوں‘ کی مہم کو توسیع دے کر شروع کی گئی ہے۔ اس مہم کے تحت مشرق وسطیٰ، افریقہ اور ایشیا کے کمزوروں طبقوں کو غذائی مدد فراہم کی جائے گی۔
 امارات کے اندر اور باہر تاجروں، کمپنیوں اور عوام کو دعوت دی گئی ہے کہ وہ اس مہم کے لیے مالی اعانت دیں جو سوڈان، لبنان، اردن، پاکستان، انگولا، یوگنڈا اور مصر سمیت دیگر ممالک میں کھانے کے پارسل تقسیم کرے گی۔ کم از کم ایک درہم کے ذریعے ان ممالک میں ایک فرد کو کھانا فراہم کیا جاسکتا ہے۔
شیخ محمد بن راشد نے کہا کہ’ کورونا کی وبا نے ایک بڑی آبادی کو معاشی مشکل کی طرف دھکیل دیا ہے۔ اس لیے ہمیں مزید رحم دلی اور ہمدردی کا مظاہرہ کرنا ہوگا‘۔
انہوں نے کہا کہ’ ہم انسانیت پسند تنظیموں، کمپنیوں، اداروں اورانسانی ہمدردی رکھنے والوں کے ساتھ مل کر کام کریں گے تاکہ وہ دنیا بھر میں مشکلات کے شکارافراد اور خاندانوں کو سلامتی کا احساس دلانے کے لیے 100 ملین کھانوں کی فراہمی کی مہم میں ہمارا ساتھ دیں‘۔

کورونا کی وبا نے ایک بڑی آبادی کو معاشی مشکل کی طرف دھکیل دیا ہے(فوٹو گلف نیوز)

 دبئی کے حکمران کا کہنا تھا کہ’ یہ مہم متحدہ عرب امارات کے فلسفے کا لازمی جزو ہے۔ ہم سے چار گھنٹے کے فاصلے پر 52 ملین افراد بھوک افلاس کا شکار ہیں۔ ان طبقات کو بااختیار بنانے کے لیے فوری اقدامات کرنے کی ضرورت ہے‘۔
انہوں نے عالمی بھوک سے نمٹنے کے لیے کوششوں کو متحد کرنے اور ضروری وسائل کو بروئے کار لانے کی ضرورت پر زور دیا۔

شیئر: