Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا: 10 دنوں میں روزانہ کے کیسز میں 100 فیصد اضافہ، کئی ریاستوں میں کرفیو

صرف رواں ماہ ملک میں 20 لاکھ نئے کیسز ریکارڈ کیے گئے۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
انڈیا میں کورونا وائرس کے روزانہ سامنے آنے والے کیسز میں گزشتہ 10 دنوں کے اندر دو گنا اضافہ ہو گیا ہے اور جمعرات کو اب تک کے سب سے زیادہ دو لاکھ کیسز رپورٹ ہوئے۔ 
 کورونا کے بڑھتے کیسز کے ساتھ ملک میں ویکسین کی عدم دستیابی، علاج اور ہسپتالوں میں بستروں کی قلت کا سامنا ہے۔
مذہبی تہواروں کا جشن، سیاسی جلسے اور کرکٹ میچز میں بھیڑ کے ساتھ انڈیا نے کورونا ایس او پیز میں نرمی کی جس سے کورونا وائرس کی دوسری لہر کا آغاز ہوا اور صرف رواں ماہ ملک میں 20 لاکھ نئے کیسز ریکارڈ کیے گئے ہیں۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق رواں ہفتے انڈیا برازیل کو پیچھے چھوڑتے ہوئے امریکہ کے بعد کورونا وائرس کے کیسز کی سب سے زیادہ کیسز والا ملک بن گیا۔
ملک میں وزارت صحت کے اعداد و شمار کے مطابق گذشتہ روز ایک ہزار اموات ریکارڈ ہوئی جس سے کورونا وائرس کے باعث ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد ایک لاکھ 75 ہزار ہو گئی۔
ایک سال قبل لگائے جانے والے لاک ڈاؤن کے بعد معیثت زبوحالی کا شکار رہی، لیکن حکومت ایک بار پھر ملک کو بند کرنے سے گریزا  ہے۔
تاہم انڈیا میں کئی ریاستیں ایسی بھی ہیں جو سخت اقدامات کر رہی ہیں، خاص طور پر مہاراشٹر اور اس کا دارالحکومت ممبئی جہاں رواں ہفتے 12.5 کروڑ کی آبادی پر پابندیاں سخت کر دی گئیں۔
یہی وجہ سے کہ کئی مہاجر کارکنان ممبئی چھوڑ کر مہاراشٹر کے دیگر شہروں میں چلے گئے ہیں، جو کہ گذشتہ ماہ کہ یادیں تازہ کر رہا ہے جب حکومت نے ایک رات کے اندر اندر معاشی سرگرمیاں روک دی تھیں۔

مذہبی تہواروں کا جشن، سیاسی جلسے اور کرکٹ میچز میں بھیڑ کے ساتھ انڈیا نے اپنے احتیاطی تدابیر میں نرمی برتی۔ فائل فوٹو؛ اے ایف پی

جمعرات کو انڈیا کے داراحکومت نئی دلی نے سنیچر اور اتوار کو شہر میں کرفیو نافذ کرتے ہوئے شاپنگ مالز، جم اور سپا کو جمعے کی شام سے  بند کرنے کا حکم دے دیا۔
ڈھائی کروڑ افراد کی آبادی والے شہر نئی دلی میں بدھ کو 17 ہزار نئے کیسز ریکارڈ کیے گئے جو کہ وبا کے شروع ہونے کے بعد سے اب تک ایک دن کی سب سے بڑی تعداد ہے۔
گنجان آباد ریاست اتر پردیش کے بھی بڑے شہروں میں بڑھتے کیسز کے پیش نظر کرفیو نافذ کردیا گیا ہے۔ ریاست کے وزیراعلیٰ یوگی آدتیا ناتھ کو وائرس کے باعث جمعرات کو ہسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔

شیئر: