Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کنگنا کا افطار پارٹیوں پر پابندی کا مطالبہ

کنگنا رناوت کارتک آریان کی حمایت میں بھی سامنے آگئی ہیں (فوٹو: بالی وڈ ہنگامہ)
بالی وڈ اداکارہ کنگنا رناوت نے انڈین وزیراعظم نریندر مودی سے رمضان میں افطار پارٹیوں اور دیگر اجتماعات پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کردیا ہے۔
خیال رہے کہ گذشتہ دنوں انڈیا میں منعقد ہونے والے کمبھ میلے میں شریک سینکڑوں یاتریوں میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی جس کے بعد وزیر اعظم نریندر مودی نے میلے کو ختم کرنے کی اپیل کی تھی۔
مودی کی اپیل کے بعد کنگنا رناوت نے ٹویٹ کرتے ہوئے وزیراعظم سے اپیل کی کہ ’رمضان میں ہونے والی افطار پارٹیوں اور دیگر اجتماعات پر بھی پابندی عائد کی جائے۔‘

 

اس ٹویٹ پر سوشل میڈیا صارفین نے کنگنا رناوت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جس کے بعد انہیں اپنی ٹویٹ ڈیلیٹ کرنا پڑی۔
خیال رہے کہ کمبھ میلے میں شریک 30 سادھوؤں میں کورونا وائرس کی تشخیص کے بعد نریندر مودی نے کہا تھا کہ ’ان کی سوامی اودیش نند گری، آچاریہ مہا منڈلیشور اور جونا اکھارا سے فون پر بات ہوئی اور سادھوؤں کی صحت کے بارے میں دریافت کیا۔‘ وزیر اعظم نے مزید کہا تھا کہ ’کورونا کی موجودہ صورت حال کے پیش نظر انہوں نے کمبھ میلے کو ختم کرکے علامتی رکھنے کی بھی درخواست کی تھی۔‘
اس کے بعد کنگنا نے ٹویٹ کرکے نریندر مودی سے درخواست کی تھی کہ ’کمبھ میلے کو علامتی رکھنے کے بعد رمضان کے اجتماعات پر بھی پابندی لگائی جائے۔‘
دوسری جانب کنگنا رناوت سنیچر کو کارتک آریان کی حمایت میں بھی سامنے آگئیں۔ خیال رہے کہ کرن جوہر کی فلم دوستانہ ٹو سے کارتک آریان کو نکال دیا گیا تھا۔
کنگنا نے ٹوئٹر پر لکھا کہ ’کارتک آریان اپنے بل بوتے پر یہاں تک آئے ہیں اور آگے بھی اپنے بل بوتے پر ہی بڑھیں گے۔ میری پاپا جو اور ان کے نیپو گینگ سے صرف ایک گزارش ہے کہ ان کو اکیلا چھوڑ دیں اور سشانت کی طرح ان کے پیچھے نہ پڑیں۔‘

شیئر: