Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سابق آئی جی خیبر پختونخوا ناصر درانی کورونا کے باعث انتقال کر گئے

ناصر درانی لاہور کے میو ہسپتال میں زیر علاج تھے۔ (فوٹو: فیس بک)
سابق آئی جی خیبر پختونخوا ناصر درانی کورونا وائرس کے باعث لاہور میں انتقال کر گئے۔
ناصر درانی میو ہسپتال میں وینٹی لیٹر پر تھے اور پیر کے روز ان کا انتقال ہو گیا۔
ہسپتال انتظامیہ کے مطابق ناصر درانی کورونا وائرس سے متاثر ہونے کے بعد گذشتہ ایک ہفتے سے ہسپتال میں زیر علاج تھے۔

 

لیکن طبعیت بگڑنے کی وجہ سے وہ گذشتہ چار دنوں سے وینٹی لیٹر پر تھے۔ ان کے خون میں آکسیجن کی کمی ہو گئی تھی اور جسم کے اعضا نے کام کرنا چھوڑ دیا تھا۔
ناصر درانی 17 مارچ 1957 کو پیدا ہوئے تھے۔ انہوں نے 1982 میں بطور اے ایس پی پولیس فورس جوائن کی۔
ناصر درانی کو خیبر پختونخوا پولیس میں اصلاحات پر ملک گیر شہرت حاصل ہوئی اور ان کے کام کو سراہا گیا۔
وہ ستمبر 2013 میں خیبر پختونخوا پولیس کے سربراہ لگائے گئے جہاں انہوں نے مارچ 2017 تک خدمات انجام دیں۔
وہ خیبر پختونخوا پولیس کے ریسکیو 15 کے بانی تھے۔ 
سنہ 2013میں آئی جی خیبر پختونخوا لگائے جانے سے قبل وہ انسداد دہشت گردی فورس پنجاب کے ایڈiشنل آئی جی کے طور خدمات انجام دے رہے تھے۔ 
ناصر درانی کی کارکردگی کو دیکھتے ہوئے سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے انہیں پنجاب میں ہی تعینات کرنے کی خواہش ظاہر کی تھی تاہم خیبر پختونخوا کی امن و امان کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے اس وقت کے وزیراعظم نواز شریف نے انہیں خیبر پختونخوا کا انسپکٹر جنرل تعینات کرنے کا فیصلہ کیا۔
ناصر درانی نے صوبے میں آن لائن ایف آئی آر درج کروانے کا نظام متعارف کروایا، ماڈل پولیس سٹیشنز قائم بنانے کے ساتھ پولیس اور عوام کے درمیان رابطے قائم کرنے کے لیے سیل قائم کیے جس کے ذریعے وہ خود عوام کی دسترس میں رہتے۔
انہوں نے متعدد ایسی اصلاحات متعارف کروائیں جس صوبے کی پولیس کو عوامی سطح پر پذیرائی ملی۔
اس کے علاوہ ناصر درانی نے بطور آئی جی کے پی متعدد پولیس افسران کو غفلت برتنے پر برطرف کیا یا سزائیں دیں۔ تھانوں پر ہنگامی نوعیت اور خفیہ  چھاپے مارنا بھی ان کی وجہ شہرت تھی۔ 
 خیبر پختونخوا میں پولیس ریفارمز متعارف کرنے کے بعد عمران خان خیبر پختونخوا پولیس کو ایک مثالی پولیس قرار دیتے ہیں اور اس کا کریڈٹ اپنی حکومت کے علاوہ ناصر درانی کو بھی دیتے تھے۔
ریٹائرمنٹ کے بعد تحریک انصاف کی حکومت نے ناصر درانی کو پنجاب پولیس اصلاحات کمیشن کے سربراہ کے طور پر ذمہ داریاں دیں تاہم وہ کچھ ہی عرصے بعد استعفیٰ دے کر اس عہدے سے الگ ہو گئے۔
 

شیئر: