کورونا سے متاثرہ اضلاع میں سکول بند رکھنے کی مدت میں توسیع
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق گزشتہ چھ دنوں میں 742 اموات ہوئیں۔ فائل فوٹو: یونیسف
پاکستان کے وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ صوبائی وزرائے تعلیم کے ایک ہنگامی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ پہلی سے آٹھویں تک سکول بند رکھے جائیں گے جبکہ 9 ویں سے 12 ویں تک تعلیمی اداروں کو کورونا ایس او پیز کے ساتھ کھولا جائے گا۔
اتوار کو بین الصوبائی وزرائے تعلیم کے ویڈیو لنک کے ذریعے ہنگامی اجلاس کی سربراہی کے بعد وفاقی وزیر تعلیم نے ٹویٹ کرتے ہوئے بتایا کہ سکولوں کے بارے میں فیصلوں کی تفصیلات صوبائی حکومتیں جاری کریں گی۔
شفقت محمود کے مطابق اجلاس میں او، اے لیول امتحانات شیڈول کے مطابق لینے کا فیصلہ ہوا۔ کورونا کی زیادہ شرح والی یونیورسٹیز میں آن لائن کلاسز کا سلسلہ جاری رہے گا۔
وفاقی وزیرِ تعلیم نے بتایا کہ فیصلہ کیا گیا کہ متاثرہ اضلاع میں نویں سے بارہویں تک ایک دن چھوڑ کے ایک دن کلاسیں شروع کی جائیں گی۔ ’کلاسیں شروع کرنے کا مقصد طلبا کوبورڈ کے امتحانات کی تیاری کا موقع دینا ہے۔ نویں سے بارہویں جماعت تک امتحانات مئی کے آخری ہفتے سے پہلے نہیں ہوں گے۔‘
دوسری جانب پاکستان میں عالمی وبا کورونا وائرس کی تیسری لہر میں شدت دیکھی جا رہی ہے اور مثبت کیسز اور اموات کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔
پاکستان میں کورونا کی صورتحال کی نگرانی اور اقدامات تجویز کرنے والے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران وائرس کا شکار ہونے والے 149 افراد کی موت واقع ہوئی۔
سینٹر کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ چھ دنوں میں پاکستان میں کورونا سے مرنے والوں کی تعداد 742 ہے جو کسی ایک ہفتے میں اب تک کی ریکارڈ اموات ہیں۔
ملک میں اب تک وائرس سے 16 ہزار 243 ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔
سینٹر کے مطابق اس دوران 71 ہزار 836 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے چھ ہزار 127 مثبت آئے۔ اس طرح مثبت کیسز کی شرح ساڑھے آٹھ فیصد ہے۔
پاکستان میں کورونا کے ایکٹیو کیسز کی تعداد 85 ہزار 235 تک پہنچ گئی ہے۔
ملک میں اب تک ساڑھے سات لاکھ سے زائد افراد کورونا کا شکار ہوئے جن میں سے چھ لاکھ 55 ہزار سے زائد صحت یاب ہو چکے ہیں۔
دوسری جانب پاکستان میں شہریوں کو کورونا ویکسین مرحلہ وار لگائی جا رہی ہے اور وفاقی وزیر منصوبہ بندی اور نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے سربراہ اسد عمر نے کہا ہے کہ ’بدھ 21 اپریل سے 50 سے 59 سال کی عمر کے افراد کی ویکسینیشن شروع کر دی جائے گی۔‘
ملک میں پہلے مرحلے میں ہیلتھ ورکرز کی ویکسینیشن کی گئی جس کے بعد ساٹھ سال سے زائد عمر کے افراد کو ویکسین لگائی گئی۔