Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کنگ سلمان سینٹر کے سربراہ کی سویڈن کے خصوصی ایلچی سے ملاقات

یمن میں جاری 590 انسانی ہمدردی کے منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔(فوٹو ایس پی اے)
کنگ سلمان ہیو مینیٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر کے جنرل سپروائزر ڈاکٹر عبد اللہ الربیعہ نے ریاض میں یمن کے لیے سویڈن کے خصوصی ایلچی پیٹر سیمنیبی سے ملاقات کی ہے۔
ملاقات کے دوران ڈاکٹر عبد اللہ الربیعہ جو رائل کورٹ کے مشیر بھی ہیں نے یمن میں مملکت کے توسط سے جاری 590 انسانی ہمدردی کے منصوبوں کا جائزہ لیا۔
فریقین نے یمن میں انسانی اور امدادی امور سے متعلق مشترکہ دلچسپی کے امور اور یمنی عوام کے دکھوں کو دور کرنے کے لیے کی جانے والی کوششوں پر بھی تبادلۂ خیال کیا۔
پیٹرسیمنیبی نے یمن میں مملکت کے اہم کردار اور شاہ سلمان امدادی مرکز کے ذریعے یمنی عوام پر خصوصی توجہ دینے پر مملکت اور شاہ سلمان مرکز کی تعریف کی۔
دریں اثنا کنگ سلمان ہیو مینیٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر نے  یمن کے مارب گورنریٹ میں بے گھر ہونے والے خاندانوں میں 27 ٹن سے زیادہ رمضان فوڈ پیکٹ تقسیم کیے جن سے ایک ہزار 554 افراد مستفید ہوئے۔
کنگ سلمان ہیومینٹری ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر لبنان میں رمضان فوڈ پیکٹ تقسیم جاری رکھے ہوا ہے۔ مرکز نے لبنان میں شامی اور فلسطینی مہاجرین اور لبنانی خاندانوں میں رمضان فوڈ پیکٹ تقسیم کیے۔
مرکز نے جبل لبنان کے علاقے میں بھی تقریباً ایک ہزار رمضان فوڈ  پیکٹ تقسیم جس سے پانچ ہزار افراد مستفید ہوئے۔

 لبنان میں رمضان فوڈ پیکٹ تقسیم جاری ہے۔(فوٹو ایس پی اے)

کنگ سلمان ہیومینٹری ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر نے شمالی لبنان کے وادی خالد میں ایک ہزار 713  رمضان فوڈ  پیکٹ تقسیم کیے جس سے آٹھ ہزار 500 افراد مستفید ہوئے۔
واضح رہے کنگ سلمان ہیومینیٹرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر مئی 2015 میں قائم کیا گیا تھا۔ مرکز نے اب تک دنیا کے 59 ممالک میں مختلف قسم کے 1556 امدادی منصوبے شروع کیے ہیں۔یہ منصوبے 144 مقامی،علاقائی اور بین الاقوامی شراکت داروں کے تعاون سے شروع کیے گئے ہیں۔  ان منصوبوں پر پانچ بلین ڈالر سے زیادہ کی رقم خرچ کی گئی ہے۔
کنگ سلمان ہیو مینیٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر کی حالیہ رپورٹ کے مطابق جن ممالک نے اس مرکز کے منصوبوں سے سب سے زیادہ فائدہ اٹھایا ان میں یمن شامل ہے جہاں3.53 ارب ڈالرکے منصوبے شروع کیے گئے۔
اس کے علاوہ فلسطین میں 363 ملین ڈالر، شام میں 305 ملین ڈالر اور صومالیہ میں 202 ملین ڈالر کے منصوبے شامل ہیں۔
علاوہ ازیں کنگ سلمان ہیو مینیٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر نے عالمی ادارہ خوراک پروگرام، بچوں کے لیے اقوام متحدہ کے ایمرجنسی فنڈ اور ریڈ کراس کی بین الاقوامی کمیٹی سمیت انسانی حقوق کی تنظیموں کے ساتھ شراکت بھی کی ہے۔
کنگ سلمان ہیومینیٹرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر کی جانب سے انسانیت کی خدمت، امدادی اور ترقیاتی سرگرمیوں کے لیے عرب اور دیگر اسلامی ممالک میں کئی منصوبے جاری ہیں۔

 

شیئر: