Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

یمن کو آئل گرانٹ کی فراہمی کے معاہدے پر دستخط

سعودی سفیراور یمنی وزیر بجلی و توانائی نے معاہدے پر دستخط کیے۔( فوٹو ایس پی اے)
سعودی ڈیولپمنٹ اینڈ ری کنسٹرکشن پروگرام برائے یمن (ایس ڈی آر پی وائی) نے یمنی حکومت کے 80 سے زائد بجلی گھروں کو چلانے کے لیے سعودی آئل گرانٹ کی  فراہمی کے معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔
اس معاہدے پر ایس ڈی آر پی وائی کے جنرل سپروائزر اور یمن میں متعین سعودی سفیر محمد بن سعید آل جابر اور یمنی وزیر بجلی و توانائی انور کلشات نے دستخط کیے۔
یہ معاہدہ سعودی آئل کی فراہمی کے لیے ہے جو مجموعی طور پر 1.260 ملین میٹرک ٹن سے زیادہ ہے اور اس کی مالیت 422 ملین ڈالر ہے۔
سعودی پریس ایجنسی سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ اس گرانٹ کا مقصد یمنی عوام کی خدمت کرنا ،ان کے دکھوں کو دور کرنا، معیشت کی مدد کرنا اور انفراسٹرکچر کی ترقی ہے۔
بیان کے مطابق ’یہ مملکت کی جانب سے یمن کو تمام شعبوں میں فراہم کی جانے سپورٹ کی حمایت میں توسیع ہے۔‘
ریاض میں منعقدہ اس تقریب میں یمن کے وزیر برائے تیل عبد السلام عبود کے علاوہ یمنی ایگزیکٹوز کی ایک ٹیم اور ایس ڈی آر پی وائی میں ترقیاتی ماہرین کے ایک گروپ نے بھی شرکت کی۔
یمنی وزیر برائے بجلی و توانائی انور کلشات نے توانائی کے شعبے کے لیے مملکت کے تعاون کو اہم قرار دیا ہے۔

گرانٹ کا بنیادی مقصد یمنی گھروں کو روشن کرنا ہے( فوٹو ایس پی اے)

انہوں نے کہا کہ اس گرانٹ کا بنیادی مقصد یمنی گھروں کو روشن کرنا، یمنی عوام کے لیے اس خدمات کو بحال کرنا  اور ملک میں معاشی نمو حاصل کرنے میں مدد کرنا ہے۔
یمن میں متعین سعودی سفیر محمد بن سعید  نے کہا کہ سعودی تیل کی فراہمی کا مقصد یمنی عوام کی خدمت کے لیے برقی سٹیشن چلانا،انفراسٹرکچر کی ترقی، ملازمت کے مواقع پیدا کرنا، امن کی حمایت اور امید بڑھانا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس گرانٹ سے یمنی حکومت کے بجٹ کو فروغ ملے گا اور اس کی دیگر ذمہ داریوں کو پورا کرنے میں مدد ملے گی جن میں ملازمین کو تنخواہوں اور اجرت کی ادائیگی اور بنیادی شعبے کی خدمات کو بہتر بنانا شامل ہیں۔

شیئر: