Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی خواتین کو سائنسی علوم میں بااختیار بنانا ہے، فیوچر ویمن سوسائٹی

سائنسی تحقیق میں سعودی عرب نے بڑی پیش قدمی کی ہے۔ (فوٹو عرب نیوز)
سعودی عرب کی فیوچر ویمن سوسائٹی (ایف ڈبلیو ایس)نے مختلف سائنسی شعبوں میں تحقیق ،ایجادات  اور ترقیاتی یونٹ کا آغاز کیا ہے۔جس کا مقصد سعودی خواتین کو سائنسی علوم میں مزید بااختیار بنانا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق  کاروبار ، ٹیکنالوجی اور فنون لطیفہ جیسے شعبوں میں سعودی  خواتین کی ترقی کے باوجود سائنس میں خواتین کا کردار اب بھی کم ہے۔

فیوچر ویمن سوسائٹی مالیاتی ماڈل کی تیاری پر کام کر رہی ہے۔(فوٹو ٹوئٹر)

سعودی وژن2030 کے سٹریٹجک اور بنیادی اہداف میں سے ایک ہدف کے طور پرمملکت میں بہت سے تعلیمی ادارے ، سوسائٹیاں اور تنظیمیں سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اینڈ میتھس(ایس ٹی ای ایم)  میں خواتین کی زیادہ سے زیادہ شمولیت پر زور دے رہی ہیں۔
ایف ڈبلیو ایس کی چیئرپرسن ڈاکٹرغریبہ الطوھر نے تحقیق کے میدان میں خواتین کے کلیدی کردارسے متعلق شعور اجاگر کرنے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے انہیں ترقی جاری رکھنے کے لئے مدد فراہم کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
چیئرپرسن ڈاکٹرغریبہ نے کہا ہےکہ دنیا بھر میں یہ ثابت شدہ حقیقت ہے کہ سائنسی تحقیق ایک طویل مدتی سرمایہ کاری پر مبنی معیشت کی ترقی کا سنگ بنیاد ہے۔
یہ نئے سائنسی علوم کی تشکیل اور پائیدار معاشی نمو کے حصول کے ساتھ بین الاقوامی مسابقت میں اضافے اور نئی صنعتوں کی تشکیل کی اساس ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے ایک جامع اور پائیدار معاشی اقدار کے حصول کے لئے علم ، انسانی اور مالی وسائل کی زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری پر توجہ مرکوز کی ہے۔
فیوچر ویمن سوسائٹی مالی استحکام حاصل کرنے کے لئے اپنے مالیاتی ماڈل کی تیاری پر کام کر رہی ہے  اور  سرمایہ کاری کے لئے سرمایہ پیدا کرنے والے علم پر مبنی مصنوعات ایجاد کرنے پر انحصار کرتی ہے۔

فیوچر ویمن سوسائٹی وزارت انسانی وسائل وسماجی ترقی کی نگرانی میں قائم ہوئی۔(فوٹو البلاد)

ڈاکٹر غریبہ نے اس بات کی  نشاندہی کی ہے کہ سعودی عرب میں سائنسی تحقیق نے گزشتہ چند برسوں کے دوران بڑی پیش قدمی کی ہے۔
اس کے باعث مملکت کوعلاقائی اور عالمی سطح پر بہت سے میدانوں میں سب سے آگے جانے میں مدد بھی ملی ہے۔
واضح رہے کہ فیوچر ویمن سوسائٹی کو اکتوبر 2020 میں وزارت انسانی وسائل و سماجی ترقی کی نگرانی میں قائم کیا گیا تھا۔
اس سوسائٹی کا مقصد معاشرے میں خواتین کے کردار کے بارے میں شعور اجاگر کرنا اور تمام شعبوں میں ان کی صلاحیتوں کو مستحکم بناناہے۔
 

شیئر: