Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی نوجوان عمرہ زائرین کو رضاکارانہ خدمات فراہم کرنے لگے

ڈائریکٹر جنرل سعید الغامدی نے بتایا کہ سعودی وژن 2030 کے تحت دس لاکھ رضاکار تیار ہوں گے۔ (فوٹو سبق)
مکہ کے تین سو 51 نوجوان عمرہ زائرین کو رضاکارانہ طور پر خدمات فراہم کر رہے ہیں۔ یہاں مقدس شہر کی تعظیم پروگرام سے منسلک یونٹ، مقدس مساجد کی انتظامیہ کے ساتھ یکجہتی پیدا کرکے رضاکارانہ خدمات انجام دے رہا ہے۔  
سبق ویب سائٹ  کے مطابق تعظیم البلد الحرام پروگرام کے ڈائریکٹر جنرل سعید الغامدی نے بتایا کہ ایک پروگرام شروع کیا گیا ہے جسے ’شباب مکہ فی خدمتک‘ (مکہ کے نوجوان آپ کی خدمت میں) نام دیا گیا ہے۔ 

مکہ کے نوجوان آپ کی خدمت میں کے عنوان سے رضاکارانہ کام کر رہے ہیں- (فوٹو سبق)

انہوں نے کہا کہ ہمارا یہ پروگرام کثیر المقاصد ہے۔ اس کا ایک بڑا مقصد یہ  ہے کہ مکہ  کے نوجوان مقدس شہر کی خوبصورت قدروں کے سفیر بنیں۔ دوسرا مقصد یہ ہے کہ مقدس شہر آنے والے زائرین کو ضروری سہولتیں مہیا ہوں۔ 
الغامدی نے بتایا کہ سعودی وژن 2030 کے تحت دس لاکھ رضاکار تیار ہوں گے۔  

مقدس شہر آنے والے زائرین کو ضروری سہولتیں مہیا کرتے ہیں- (فوٹو سبق)

 پروگرام میں شریک رضاکار لڑکیوں اور لڑکوں نے سات رمضان تک نو ہزار آٹھ سو 46 سے زیادہ گھنٹے رضاکارانہ خدمات میں لگائے۔ ان نوجوانوں نے طواف ٹریک کو منظم کرنے، حفاظتی تدابیر پر عمل درآمد کرانے، راہداریوں میں آمدورفت کو رواں دواں رکھنے کے امور انجام دیے۔ 
الغامدی نے بتایا کہ رضاکار گالف گاڑیوں سے زائرین کو آنے جانے کی سہولت دے رہے ہیں۔ نمازیوں کو منظم کر رہے ہیں۔ ابتدائی طبی امداد بھی پیش کر رہے ہیں۔ کدی پارکنگ میں محکمہ ٹریفک کی مدد سے زائرین کو سہولت فراہم کر رہے ہیں۔
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: