Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

توشہ خانہ ریفرنس، نواز شریف کی جائیداد نیلام کرنے کا حکم

عدالت نے نواز شریف کی گاڑیاں بھی تحویل میں لینے کا حکم دیا ہے۔ فائل فوٹو: روئٹرز
احتساب عدالت نے نیب راولپنڈی کی درخواست منظور کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نوازشریف کی جائیداد نیلام کرنے کا حکم دے دیا ہے۔
اسلام آباد کی احتساب عدالت نے توشہ خانہ ریفرنس میں سابق وزیراعظم نواز شریف کی جائیداد نیلام کرنے کا حکم دیتے ہوئے تمام رقم قومی خزانے میں جمع کرانے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔
عدالت نے ڈپٹی کمشنر لاہور اور شیخوپورہ کو 60 روز کے اندر رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا ہے جبکہ عدالت نے نواز شریف کی گاڑیاں بھی تحویل میں لینے کا حکم دیا ہے۔
عدالت نے حکم جاری کیا ہے کہ نوازشریف کی گاڑیاں پولیس کی مدد سے قبصے میں لے کر 30 روز کے اندر نیلام کی جائیں۔
خیال رہے کہ احتساب عدالت نے توشہ خانہ ریفرنس میں سابق وزیراعظم نوازشریف کو اشتہاری قرار دے رکھا ہے۔
تحریری حکمنامے کے مطابق سابق وزیراعظم چھ ماہ سے زائد عرصہ سے عدالت کے سامنے پیش نہیں ہوئے اس لیے جن جائیدادوں پر اعتراض دائر نہیں کیا گیا انہیں نیلام کرنے کی منظوری دی جاتی ہے۔

کون سی جائیدادیں نیلام کرنے کا حکم جاری کیا گیا ہے؟

تحریری حکمنامے کے مطابق عدالت نے سیکیورٹی ایکسچینج کمیشن کے چیئرمین کو 30 روز کے اندر نوازشریف کے مختلف کمپنیز کے شیئرز کو نیلام کرکے قومی خزانے میں جمع کروانے کا حکم دیا ہے۔ ان کمپنیرز میں محمد بخش ٹیکسٹائل ملز، حدیبیہ پیپر ملز، حدیبیہ انجینئرنگ اور اتفاق ملز لمیٹڈ کے شیئر نیلام کرنے کا حکم دیا ہے۔

احتساب عدالت نے توشہ خانہ ریفرنس میں سابق وزیراعظم نوازشریف کو اشتہاری قرار دے رکھا ہے۔ فوٹو: کابینہ ڈویژن

عدالت نے ڈپٹی کمنشر لاہور اور شیخوپورہ کو ان کی حدود میں نوازشریف کے نام پر منقولہ اور غیر منقولہ جائیداد کی نیلامی کی رپورٹ 60 روز میں طلب کی ہے۔ ان جائیدادوں میں 135 اپر مال لاہور کی مکمل نیلامی، موضع مانک لاہور میں 963 کنال، زرعی زمین 96 کینال کے علاوہ تمام اراضی نیلام کرنے کے احکمات جاری کیے ہیں۔ 96 کینال کی اراضی پر امرود کے باغات پر شہری کی جانب سے اعتراض دائر کیا گیا ہے۔
لاہور میں موضع بدوکسانی 275 کنال زرعی اراضی نیلام کرنے کا حکم دیا گیا ہے، اسی طرح شیخوپورہ میں موضع فیروز وطن میں 88 کنال زرعی زمین نیلام کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
عدالت نے اسلام آباد اور لاہور کی محکمہ ایکسائز کو نواز شریف کے نام پر ایک ٹویوٹا لینڈکروزر، دو مرسیڈیز اور دو ٹریکٹرز پولیس کی مدد سے تحویل میں لے کر 60 روز کے اندر نیلام کر کے رپورٹ عدالت میں جمع کروانے کی ہدایت کی ہے۔
عدالت نے نوازشریف کی پاکستان میں مختلف بینکوں میں آٹھ اکاونٹس میں رقم کو بھی 30 روز کے اندر قومی خزانے میں منتقل کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔
ان آٹھ اکاؤنٹس میں مجومعی طور پر نو لاکھ 29 ہزار 895 روپے موجود ہیں۔

شیئر: